2002 گجرات فسادات: تفتیشی ٹیم نے فوج کا بیان ریکارڈ نہیں کیا، ذکیہ جعفری نے سپریم کورٹ کو بتایا

نئی دہلی، نومبر 24: کانگریس لیڈر احسان جعفری کی اہلیہ ذکیہ جعفری نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے 2002 کے گجرات فسادات کیس میں فوج کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ کے سامنے جعفری نے 2002 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ رہنے والے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت 64 لوگوں کو خصوصی تفتیشی ٹیم کی کلین چٹ کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزار کا شوہر ان 69 لوگوں میں شامل تھا جو ہجوم کے حملے میں مارے گئے تھے۔ 28 فروری 2002 کو احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں ہنگامہ آرائی، پتھراؤ اور گھروں کو آگ لگا دی گئی تھی۔

منگل کو جسٹس اے ایم کھانولکر، دنیش مہیشوری اور سی ٹی روی کمار کی بنچ نے ذکیہ جعفری کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل کپل سبل کے دلائل کی سماعت کی۔

سبل نے لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ کی ایک یادداشت کا حوالہ دیا، جنھوں نے فسادات کے دوران مسلح افواج کی قیادت کی تھی۔ شاہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم نے ان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔

سبل نے پوچھا ’’کیا انھیں [فوج] کو فوری رسائی دی گئی تھی یا نہیں؟ اور اگر انھیں فوری رسائی نہیں دی گئی تو کیوں نہیں؟‘‘

عدالت جاننا چاہتی تھی کہ کیا یہ یادداشت خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو دستیاب ہے؟ سبل کے یہ کہنے کے بعد کہ کتاب 2018 میں شائع ہوئی تھی، عدالت نے کہا ’’تو یہ خصوصی تفتیشی ٹیم کے سامنے موجود نہیں تھی۔‘‘

یادداشت کے مطابق، جس کے کچھ حصے سبل سماعت کے دوران پڑھ رہے تھے، فوجی ہنگاموں کے دوران ٹرانسپورٹ کی کمی کی وجہ سے ایئر فیلڈ میں پھنسے ہوئے تھے۔ شاہ نے اپنی یادداشت میں یہ بھی کہا کہ شہری انتظامیہ نے فسادات کا جواب دینے میں دیر کی۔

سبل نے کہا ’’یہ دوسرے شواہد سے مطابقت رکھتا ہے۔ وہ [ضمیرالدین شاہ] سرکاری ملازمین سے بھی رابطہ نہیں کر سکے۔ یہ سرکاری ریکارڈ کا حصہ تھا۔ وہ [خصوصی تحقیقاتی ٹیم] اس کی تحقیقات کر سکتے تھے۔‘‘

وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ذکیہ جعفری کو ماضی میں بھی ان تفصیلات سے انکار کیا گیا تھا جب کہ انھوں نے حقائق کے حصول کے لیے معلومات کے حق میں استفسار کیا تھا۔

نومبر میں پچھلی سماعتوں کے دوران ذکیہ جعفری نے الزام لگایا تھا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم 2002 کے گجرات فسادات کیس میں کچھ ملزمان کے ساتھ شامل تھی۔

اس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے اہم شواہد کو نظر انداز کیا اور مناسب تحقیقات کیے بغیر کلوزر رپورٹ داخل کی۔ انھوں نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اس ٹیم نے 8 فروری 2012 کو اپنی کلوزر رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ فسادات کے معاملات میں مودی سمیت ملزمین کے خلاف کوئی قانونی ثبوت موجود نہیں ہے۔

2013 میں جب ذکیہ جعفری نے کلوزر رپورٹ کی مخالفت کرتے ہوئے ایک پٹیشن دائر کی تھی تو رپورٹ موصول کرنے والے مجسٹریٹ نے اسے برقرار رکھا اور ان کی درخواست کو خارج کر دیا۔

اس کے بعد انھوں نے گجرات ہائی کورٹ کا رخ کیا۔ 2017 میں ہائی کورٹ نے مجسٹریٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا اور ان کی درخواست کو خارج کر دیا۔

جعفری نے اس کے بعد سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے، جس نے کہا ہے کہ وہ کلوزر رپورٹ کی جانچ کرے گی۔