وزیر اعظم کے بارے میں ’’توہین آمیز‘‘ پوسٹ کے لیے راجیہ سبھا کے حفاظتی افسر کو عہدے سے برطرف کیا گیا

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں سوشل میڈیا پر ‘توہین آمیز’ تبصرہ کرنے والے راجیہ سبھا کے سیکیورٹی آفیسر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے عہدے کو کم کردیا گیا۔

راجیہ سبھا سیکرٹریٹ کے ذریعہ بدھ کے روز جاری کردہ ایک حکم میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی ڈائریکٹر (سیکیورٹی) عروج الحسن کو سیاسی غیرجانبداری برقرار رکھنے اور قواعد پر عمل کرنے میں ناکامی پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے بعد انھیں اس معاملے میں درج شکایت کی بنیاد پر معطل کردیا گیا تھا۔

شکایت میں حسن پر سوشل میڈیا پر سیاسی سرگرمیوں سے متعلق متعدد پوسٹس شیئر کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے جاری کردہ حکم کے مطابق چیئرمین ایم وی نائیڈو نے قواعد کے تحت کام کرتے ہوئے حسن کے عہدے کو پانچ سال کے لیے (جونیئر گریڈ) سیکیورٹی آفیسر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس مدت کے دوران انھیں تنخواہ میں سالانہ اضافے کے فوائد سے بھی محروم رکھا جائے گا۔

حسن پر وزیر اعظم کے علاوہ کچھ مرکزی وزرا اور ریاستی وزرائے اعلیٰ کے خلاف بھی سوشل میڈیا پر ‘توہین آمیز’ تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں حسن کے خلاف راجیہ سبھا سروس رولز 1957 اور سنٹرل پبلک سروس (کنڈکٹ) رولز کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق 10 فروری سے حسن کا تخفیف عمل میں آیا۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ حسن کو گذشتہ نو یا 10 ماہ سے نظم و ضبط کی کارروائی کے لیے معطل کیا گیا تھا۔