یوپی پولیس نے اپنے اہلکار کی بدسلوکی کے لیے پرینکا گاندھی سے معافی مانگی، معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا

نئی دہلی، اکتوبر 5: پی ٹی آئی کے مطابق نوئیڈا پولیس نے اتوار کے روز کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی سے پولیس اہکاروں کے ذریعے ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر معافی مانگی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اس نے دہلی نوئیڈا ڈائریکٹ فلائی وے پر پارٹی کارکنوں اور پولیس کے مابین ہونے والی ہاتھا پائی کے درمیان کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی کا کرتا پکڑ کر کھینچنے والے پولیس اہلکار سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب پرینکا گاندھی اپنے بھائی راہل گاندھی اور کانگریس کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہفتہ کی دوپہر ہاتھرس جارہی تھیں اور پولیس نے ان کے وفد کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

جب پولیس نے کانگریس کے کچھ کارکنوں پر لاٹھی چارج کرنا شروع کیا تو پرینکا گاندھی گاڑی سے اتر گئیں اور انھیں بچانے کی کوشش کی۔ اسی درمیان ہیلمٹ پہنے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے پرینکا گاندھی کا کرتا ان کے گلے کے پاس سے پکڑ کر ڈھکیلنے کی کوشش کی۔

ضلعی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’’نوئیڈا پولیس نے ڈی این ڈی پر بے ہنگم ہجوم کو سنبھالتے ہوئے پرینکا گاندھی کے ساتھ ہوئے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہم پرینکا گاندھی سے بھی معذرت خواہ ہیں۔‘‘

پولیس نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تفتیش کے بعد قابل تعزیر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جو ایک سینئر لیڈی آفیسر کرے گی۔

گوتم بدھ نگر پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ہیڈ کوارٹر) نے واقعے کا از خود نوٹس لیا ہے اور ایک سینئر لیڈی آفیسر کے ذریعے اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ہم، نوئیڈا پولیس، خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘