کورونا وائرس: چنئی اور اس کے نواح کے تین دیگر اضلاع میں 19 سے 30 جون تک سخت لاک ڈاؤن، وزیر اعلیٰ نے کیا اعلان

چنئی، جون 15: تمل ناڈو کے وزیر اعلی نے آج اعلان کیا ہے کہ چنئی اور اس کے تین پڑوسی اضلاع کانچی پورم، چینگلپٹو اور تروولّور میں 19 جون سے 30 جون تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ’’زیادہ سے زیادہ سخت لاک ڈاؤن‘‘ نافذ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان ریاست کے ماہرین صحت اور اعلی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد کیا۔

واضح رہے کہ آج صبح تک ریاست میں کوویڈ 19 کے 44،661 معاملات اور 435 اموات کی اطلاع ملی تھی۔

ریاست کے 70 فیصد سے زیادہ معاملات چنئی اور اس کے آس پاس سے سامنے آئے ہیں۔ ریاست کے اعداد و شمار کے مطابق چنئی میں اتوار کی شام تک 31،896 معاملات تھے، اس کے بعد چینگلپٹو میں 2،882، تروولّور میں 1،865 اور کانچی پورم میں 709 واقعات سامنے آئے ہیں۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ’’اس وائرس کے پھیلاؤ پر غور کرتے ہوئے اور طب اور صحت کے ماہرین کی سفارش کی بنیاد پر جون 19 سے 30 جون کی آدھی رات تک سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔‘‘