کورونا وائرس: مرکزی حکومت نے یکم جولائی سے رات کے کرفیو میں نرمی کی، ’’انلاک 2‘‘ میں مزید نرمیاں

نئی دہلی، جون 30: مرکزی وزارت برائے امور داخلہ نے پیر کو تازہ ترین ہدایات جاری کیں، جس میں ناول کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ’’انلاک 2‘‘ مرحلے کے ایک حصے کے طور پر یکم جولائی سے لاک ڈاؤن پابندیوں میں مزید نرمی کی گئی ہے۔

وزارت نے کہا کہ یکم جولائی سے گھریلو پروازوں اور مسافر ٹرینوں کے کاموں میں مزید توسیع کی جائے گی۔ تاہم بین الاقوامی ہوائی سفر پر پابندی کا سلسلہ جاری رہے گا سوائے کچھ خصوصی مشن کے، جیسے ’’وندے بھارت‘‘ جو بیرون ملک پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کا پروگرام ہے۔

وزارت نے بتایا کہ نائٹ کرفیو جو یکم جون سے رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک تھا اب اس میں 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نرمی کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ نیشنل اور اسٹیٹ ہائی ویز پر صنعتی یونٹوں کے بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشن، افراد اور سامان کی نقل و حمل، سامانوں کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ اور افراد کو بسوں، ٹرینوں سے اتارنے کے بعد ان کی منزلوں پر نقل مکانی کے لیے نائٹ کرفیو میں چھوٹ دی گئی ہے۔

وزارت نے اعلان کیا کہ ریاست اور مرکزی حکومتوں کے تربیتی اداروں کو 15 جولائی سے کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ محکمۂ تربیت اس سلسلے میں ایک معیاری آپریٹنگ پروٹوکول جاری کرے گی۔ تاہم اسکول اور کالج 31 جولائی تک بند رہیں گے۔ وزارت نے یہ فیصلہ ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے مشاورت کے بعد لیا ہے۔

مرکزی وزارت داخلہ نے پیر کو کہا کہ دکانوں اور اداروں میں یکم جولائی سے ایک وقت میں پانچ سے زیادہ افراد ہوسکتے ہیں۔ تاہم معاشرتی دوری کو برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ تمام چھوٹ صرف کنٹینمنٹ زون سے باہر نافذ ہوگی۔ کنٹینمنٹ زون میں بدستور صرف ضروری سرگرمیوں کی ہی اجازت ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ میٹرو ریل، سینما ہال، جمنازیم، سوئمنگ پول، تفریحی پارکس، تھیٹر، بار، آڈیٹوریم اور اسمبلی ہال جیسی سہولیات پر پابندی عائد رہے گی۔ سماجی، سیاسی، مذہبی، ثقافتی اور علمی اجتماعات پر بھی بدستور پابندی عائد ہے۔

پیر کی شام تک ہندوستان میں کوویڈ 19 کے 5،48،318 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 16،475 اموات شامل ہیں۔ وہیں مریضوں کی صحت یابی کی شرح 58.67 فیصد ہے۔