یو پی پولیس نے کانگریس کی ریاستی اقلیتی سیل کے رہنما شاہنواز عالم کو سی اے اے مخالف احتجاج کے دوران ہوئے تشدد کے معاملے میں گرفتار کیا

لکھنؤ، جون 30: اترپردیش کانگریس اقلیتی سیل کے سربراہ شاہنواز عالم کو گذشتہ سال ریاست کے دارالحکومت میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ایک سینئر پولیس اہلکار کے مطابق ’’عالم کو گذشتہ سال 19 دسمبر کو سی اے اے مخالف مظاہرے کے دوران پُرتشدد احتجاج کے سلسلے میں حضرت گنج پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں پیر کی رات حضرت گنج علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ عالم تشدد کی جگہ کے قریب موجود تھے۔‘‘

شاہنواز عالم کی گرفتاری کے بعد اتر پردیش کانگریس کمیٹی (یو پی سی سی) کے صدر اجے کمار للو، کانگریس قانون ساز پارٹی (سی ایل پی) کی رہنما اردھنا مشرا اور پارٹی کے دیگر کارکنان حضرت گنج پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔

جب پارٹی کے کچھ کارکن نعرے بازی کرنے لگے تو پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا۔ پولیس کے اس لاٹھی چارج میں کانگریس کے ایک کارکن شیوم ترپاٹھی اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اجے للو نے کہا کہ ان کی پارٹی عالم کی گرفتاری کے خلاف ایک احتجاج شروع کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا ’’اگر حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کے خلاف آواز اٹھانا غلط ہے تو ہم یہ کرتے رہیں گے اور عام آدمی کی آواز بلند کریں گے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’جس طرح سے پولیس نے عالم کو بغیر کسی نوٹس کے پکڑا، وہ قابل مذمت ہے۔‘‘