کسان یونینوں نے متنبہ کیا کہ وہ بی جے پی قائدین کو پنجاب کے گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیں گے

نئی دہلی، ستمبر 23: منگل کو پنجاب میں کسان یونین نے ریاست میں بی جے پی کے خلاف اپنی مہم تیز کردی ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ بی جے پی کے رہنماؤں کو گاؤں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دراصل جب بی جے پی کے برنالہ ضلع یونٹ نے فارم بلوں کے فوائد کے بارے میں پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی تو پارٹی کے رہنماؤں کا بی کے یو (لکھوال) کے ممبروں نے گھیراؤ کیا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

بی کے یو (لکھوال) کی برنالہ یونٹ کے صدر جگسیر سنگھ نے کہا ’’ہم انھیں گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیں گے اور جہاں کہیں بھی وہ جائیں گے ان کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انھیں ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے، لیکن اس کے برعکس وہ ہمیں گمراہ کررہے ہیں۔ ہم نے ریاست بھر میں ان کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’پنجاب کے کسی گاؤں میں بی جے پی قائدین یا کارکنان کا خیرمقدم نہیں ہے۔ اگر وہ آئیں گے تو انھیں ہمارے احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہماری 31 سے زیادہ کسان یونینوں نے ریاستی سطح پر بی جے پی کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

ضلع سنگرور میں کیرتی کسان یونین نے بھی اگروال دھرم شالا کے باہر احتجاج کیا جہاں بی جے پی کی ضلعی یونٹ فارم بلوں پر میڈیا نمائندوں سے خطاب کررہی تھی۔

یونین کے ممبروں نے بی جے پی قائدین کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں خلل ڈالا جس کی وجہ سے بی جے پی قائدین کانفرنس کے درمیان سے ہی اٹھ کر چلے گئے۔

کسان یونین کے ممبران نے ’’دیش کے غدار مرداباد‘‘، ’’کسان مخالف مرداباد‘‘ اور بی جے پی سرکار مرداباد‘‘ جیسے نعرے لگائے۔

صرف یہی نہیں، بلکہ ایک کسان رہنما بھوپندر سنگھ لونگوال نے کہا کہ ’’ہم اگروال دھرم شالا کی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی کو یہ مقام کبھی نہ دیں اور کوئی بھی انہیں کرایے پر جگہ نہ دے۔ ہمیں ان کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے اور ان کے قائد جہاں بھی جائیں گے ہم ان کے خلاف احتجاج کریں گے۔ یہ بی جے پی کے تمام رہنماؤں اور ان کے کارکنوں کا مکمل بائیکاٹ ہے۔‘‘

یہاں تک کہ بی جے پی کی اتحادی پارٹی ایس اے ڈی بھی ضلعی سطح پر الگ الگ میٹنگ کا انعقاد کر رہی ہے جس میں مزدوروں کو فارم بلوں کے خلاف احتجاج کرنے کے بارے میں بتایا جارہا ہے اور ایس اے ڈی کے مقامی رہنما اپنے کارکنوں کو سمجھا رہے ہیں کہ یہ بل کسان مخالف ہیں اور وہ اس مسئلے پر کسانوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

لدھیانہ میں سینئر ایس اے ڈی رہنما مہیشندر گریوال نے فارم بلوں کے خلاف بات کی۔