کسانوں کے احتجاج کے دوران انڈیا گیٹ پر ایک ٹریکٹر کو نذر آتش کیا گیا

نئی دہلی، 28 ستمبر: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق آج صبح انڈیا گیٹ پر قریب 15-20 افراد نے زراعت بلوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک ٹریکٹر میں آگ لگا دی۔

یہ واقعہ ملک بھر میں کسانوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے ذریعہ متنازعہ زراعت سے متعلق قانون سازی پر احتجاج کے درمیان پیش آیا ہے جو پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے منظور کیا تھا اور جسے کل صدر جمہوریہ کی منظوری بھی مل گئی ہے۔

فائر حکام کے مطابق انھیں صبح 7.42 بجے اس واقعے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی اور دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے۔

نئی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایش سنگھل نے بتایا کہ ’’تقریباً 15-20 افراد صبح 7.15 سے 7.30 کے درمیان جمع ہوئے تھے اور ایک ٹریکٹر کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔ آگ پر قابو پا لیا گیا اور ٹریکٹر کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور ملوث افراد کی شناخت کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔‘‘