کرناٹک: ٹیپو سلطان اور حیدر علی سے متعلق ابواب اس سال اسکول کی درسی کتب سے خارج

بنگلورو، جولائی 28: وبائی امراض کی وجہ سے سی بی ایس ای کی طرف سے کلاس 9 سے 12 تک کے نصاب کو گھٹانے کے بعد کرناٹک حکومت نے بھی ایسا ہی قدم اٹھایا ہے۔

ریاستی بورڈ اسکولوں کے نصاب کو 30 فیصد کم کرنے کی کوشش میں محکمۂ پبلک انسٹرکشن نے میسورو حکمرانوں حیدر علی اور ٹیپو سلطان کے ابواب کو خارج کردیا ہے۔

کرناٹک ٹیکسٹ بکس سوسائٹی نے طلبا کی آسانی کے نام پر کئی غلطیاں کی ہیں۔ مغل اور راجپوتوں کی تاریخ اور عیسیٰ اور محمد کی تعلیمات کے ابواب کو بھی چھوٹا کر دیا گیا ہے۔

کرناٹک ٹیکسٹ بک سوسائٹی کے ڈائریکٹر میڈے گوڈا نے میڈیا کو بتایا ’’ٹیپو سلطان برائے کلاس 7 کے باب کو اس تعلیمی سال کے لیے نصاب میں 30 فیصد کمی کرنے کے تحت نکال دیا گیا ہے، کیوں کہ اس مرتبہ اسکول دوبارہ کھولنے میں تاخیر ہوئی ہے۔‘‘

گوڈا نے مزید کہا ’’ساتویں کلاس کے طلبا نے کلاس 6 میں ٹیپو کو پڑھ لیا ہوگا اور کلاس 10 میں دوبارہ اس پر مزید پڑھیں گے، اس تعلیمی سال میں ان کے لیے یہ چھوڑنا ان کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔‘‘

اس دوران حزب اختلاف کانگریس نے کلاس 7 کے طلبا کے لیے ٹیپو کا سبق چھوڑنے کے خلاف احتجاج کیا اور بی جے پی حکومت پر تعلیم میں بھی ’’فرقہ وارانہ سیاست‘‘ کا الزام عائد کیا۔