کرناٹک: میسور میں ایک نائی مبینہ طور پر دلت صارفین کے بال کاٹنے کے سبب سماجی بائیکاٹ کا شکار

کرناٹک، 20 نومبر: دی نیوز منٹ کی خبر کے مطابق کرناٹک کے میسور میں ایک حجام نے الزام لگایا ہے کہ اس کے گاؤں کے اونچی ذات کے افراد نے اس کو شیڈول ذات، طبقہ اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے بال کاٹنے کی وجہ سے اس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

ننجنگوڑ کے ہلارا گاؤں کے رہائشی ملیکاارجن شیٹی نے نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ نائک برادری کے افراد نے سماجی طور پر اس کا بائیکاٹ کیا ہے اور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ دلتوں کے بال کاٹنے پر 50،000 روپے جرمانہ ادا کرے۔

جمعرات کو شیٹی نے تحصیلدار مہیش کمار کو ایک تحریری شکایت پیش کی، جس میں اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی گئی ہے۔ کمار نے کہا کہ وہ گاؤں کا دورہ کریں گے اور معاملے کی ذاتی طور پر تحقیقات کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا ’’اگر کسی ظلم کا کوئی ثبوت موجود ہے تو، میں پولیس کو از خود نوٹس لینے اور پہلی معلومات رپورٹ درج کرنے کو کہوں گا۔‘‘

خبر کے مطابق متاثرہ شخص کی یہ پریشانی تین مہینے پہلے شروع ہوئی تھی، جب مہادیو نایک نامی ایک شخص اپنے ساتھیوں سمیت شیٹی کے سیلون گیا تھا اور اس نے نچلی ذات کے ممبروں کے بال کاٹنے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ نائک نے شیٹی کو ان سے 200 اور 300 روپے تک زیادہ شرح وصول کرنے کا حکم بھی دیا۔ شیٹی نے کہا ’’میں نے انھیں بتایا کہ میں بال کٹوانے اور مونڈنے کے لیے 80 اور 60 روپے سے زیادہ وصول نہیں کرسکتا، کیوں کہ میں قیمتوں کو سب کے لیے برابر رکھنا چاہتا ہوں۔‘‘

شیٹی نے بتایا کہ وہ پولیس کے پاس گیا جس نے اس کے گاؤں کا دورہ کیا اور نائک اور اس کے آدمیوں کو وارننگ جاری کی۔ تاہم معاملات پولیس کی کارروائی کی وجہ سے اور بدتر ہو گئے۔

نائک اور اس کے حواریوں نے مبینہ طور پر دیہاتیوں سے شیٹی کا بائیکاٹ کرنے کے لیے کہا۔ وہ شیٹی کے 21 سالہ بیٹے کو بھی اپنی رہائش گاہ لے گئے اور مبینہ طور پر اسے شراب پینے پر مجبور کیا۔ شیٹی نے الزام لگایا ’’جب وہ نشے میں تھا تو انھوں نے اسے برہنہ کردیا اور اس کی ویڈیو شوٹ کی۔‘‘

جب اس نے پولیس کے پاس جانے کا فیصلہ کیا تو نائک نے مبینہ طور پر شیٹی کو دھمکی دی کہ وہ اس کے بیٹے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دے گا۔ شیٹی نے کہا کہ اس نے اس وقت شکایت درج نہ کروانے کا فیصلہ کیا کیوں کہ وہ اس کے نتائج سے خوف زدہ تھا۔

ننجنگوڑ رورل پولیس نے بتایا کہ شیٹی نے معاشرتی بائیکاٹ کو ختم کروانے کے لیے ان سے مداخلت کی درخواست کی ہے، لیکن وہ مقدمہ درج نہیں کرنا چاہتا۔ اس نے صرف اپنی موجودہ صورت حال سے راحت کا مطالبہ کیا۔

ایک عہدیدار نے دی نیوز منٹ کو بتایا ’’بعد میں مہادیو نایک نے ملیکاارجن کے بیٹے کی ویڈیو ہمیں دکھائی۔ ہم نے ان دونوں کو سمجھایا اور ملیکاارجن کے ذریعے شکایت درج نہ کروانے کی وجہ سے انھیں واپس بھیج دیا۔‘‘

تاہم متاثرہ نائی نے پولیس کی عدم فعالیت کا الزام لگایا۔ اس نے کہا ’’سماجی بائیکاٹ جاری ہے۔

میں ننجنگوڑ تحصیلدار سے کئی بار مدد طلب کرتا رہا ہوں لیکن انھیں اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے لہذا میں نے پریس سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘