تمل ناڈو: دو دلت نوجوانوں پر حملہ کرنے اور ان پر پیشاب کرنے کے الزام میں چھ گرفتار

نئی دہلی، نومبر 2: تمل ناڈو پولیس نے ترونیل ویلی ضلع میں دو درج فہرست ذات کے مردوں پر مبینہ طور پر حملہ کرنے، انھیں برہنہ کرنے، لوٹنے اور ان پر پیشاب کرنے کے الزام میں چھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

متاثرین، جن کی عمریں 21 اور 19 سال تھیں، پیر کو تھمیرابرانی ندی میں نہانے گئے تھے۔ واپسی کے دوران کچھ نشے میں دھت افراد نے انھیں چاقو دکھا کر ڈرایا۔ انھوں نے متاثرین سے پیسے بھی مانگے۔

پھر ان لوگوں نے متاثرین کو اس وقت زدوکوب کیا جب انھوں نے کہا کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ اس کے بعد متاثرین میں سے ایک نے ایک رشتہ دار کو فون کیا اور ان سے 5000 روپے ڈیجیٹل طور پر حملہ آوروں کو منتقل کرنے کو کہا۔

اس کے بعد حملہ آوروں نے متاثرین سے ان کے آبائی مقام اور ذات کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ جب انھیں پتا چلا کہ وہ درج فہرست ذات برادری سے ہیں، تو انھوں نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا اور ان پر پیشاب کیا۔

متاثرین نے الزام لگایا کہ انھوں نے ان کے فون بھی چھین لیے اور صبح 1 بجے تک ان پر تشدد جاری رکھا۔