چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لیے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا

نئی دہلی، اپریل 10: ملک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 6000 کے سے زیادہ ہونے کے ساتھ ہی چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے جمعرات کو ملک میں اس بیماری کے پھیلاؤ کے لیے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

انھوں نے دلیل پیش کی کہ اگر حکومت شروع سے ہی دوسرے ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ اور ان کو قرنطینہ میں ڈالتی تو یہ وبا پھیل نہیں سکتی تھی۔

لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں بگھیل نے کہا کہ ان کی حکومت تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ وزیر اعظم کی شیڈول ویڈیو کانفرنس کے ایک روز بعد، 12 اپریل کو اس پر فیصلہ کرے گی۔

ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا ’’یہ بیماری ہندوستان میں شروع نہیں ہوئی تھی۔ یہ بیماری ان لوگوں کے ذریعے ہندوستان میں آئی جو بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے ملک پہنچے تھے۔ اگر وہ تمام افراد جو ہندوستان میں داخل ہوئے تھے- خواہ وہ دہلی، ممبئی، کولکاتا، حیدرآباد یا چنئی میں ہوں- انھیں اسی وقت اسکریننگ کے بعد قرنطین کردیا جاتا… تو یہ صورت حال پیدا نہ ہوتی… بیماری پورے ہندوستان میں نہ پھیلتی… آج جن مسائل کا سامنا ہے ان کو روکا جاسکتا تھا… مرکزی حکومت کو یہ کام کرنا چاہیے تھا۔‘‘