’پرسار بھارتی نہیں، پرچار بھارتی‘:جواہر سرکار

سرکاری نیوز چینل  ڈی ڈی نیوز کا لوگو کے بھگوا رنگ میں رنگے جانے پر اپوزیشن رہنمانوں کی سخت تنقید

نئی دہلی،20اپریل :۔

مرکز میں بی جے پی کی حکومت کے دس سال میں اکثر سرکاری اداریں بھگوا رنگ میں رنگ گئے ہیں ۔ دوردرشن کے تحت چلنے والا سرکاری چینل ڈی ڈی نیوزکا بھی لوک سبھا الیکشن سے عین قبل بھگوا کرن کر دیا گیا ہے۔ ڈی ڈی نیوز کا  لوگو گزشتہ دنوں بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا ۔الیکشن سے قبل اس تبدیلی پر ڈی ڈی نیوز اپوزیشن کے نشانے پر ہے ۔  رپورٹ کے مطابق دراصل، حال ہی میں ڈی ڈی نیوز نے اپنے نئے لوگو کی نقاب کشائی کی تھی۔ نئے لوگو کا رنگ روبی ریڈ سے بدل کر زعفرانی کر دیا گیا ہے۔ سرکاری چینل کو اس طرح بھگوا ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وہیں، براڈکاسٹر نے اسے محض بصری جمالیات میں تبدیلی قرار دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے لوک سبھا انتخابات سے عین قبل کی گئی اس تبدیلی کے وقت پر سوال اٹھایا ہے اور سرکاری چینل پر تنقید کرتے ہوئے اسے محض  حکومت کے رنگ میں رنگ جانے والا چینل قرار دیا ہے۔

دراصل، منگل کی شام ڈی ڈی نیوز نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر ایک ویڈیو پیغام کے ساتھ اپنا نیا لوگو پوسٹ کیا تھا۔ چینل نے ایکس پر لکھا، ’’اگرچہ ہماری اقدار وہی ہیں، اب ہم ایک نئے اوتار میں دستیاب ہیں۔ خبروں کے ایسے سفر کے لیے تیار رہیں جیسا کہ پہلے کبھی نہیں تھا۔ بالکل نئے ڈی ڈی نیوز کا تجربہ کریں۔

اپوزیشن رہنما  ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا ایم پی جواہر سرکار، جو 2012 اور 2014 کے درمیان پرسار بھارتی کے سی ای او تھے، نے کہا، ’’قومی نشریاتی ادارے نے اپنے تاریخی پرچم بردار لوگو کو زعفرانی رنگ میں رنگ دیا ہے۔ اس کے سابق سی ای او کی حیثیت سے میں اس کے زعفرانی ہونے کو تشویش کے ساتھ دیکھ رہا ہوں – اب یہ پرسار بھارتی نہیں ہے، یہ پرچار (پروپیگنڈا) بھارتی ہے!‘‘

جواہر سرکار نے ایک ویڈیو جاری کیا اور کہا – انتخابات سے عین قبل، پرسار بھارتی کے سابق سی ای او کے روپ میں دوردرشن کے لوگو  کی بھگوا کاری دیکھ کر دکھ ہوا۔ ایک غیر جانبدار پبلک براڈکاسٹر اب ایک متعصب حکومت کے ساتھ دھرم اور سنگھ (آر ایس ایس) خاندان کا رنگ شامل کرکے ووٹروں کو متاثر کرے گا۔سرکار نے کہا- میں سمجھ رہا ہوں کہ اب یہ پرسار بھارتی نہیں، پرچار بھارتی ہے۔ سرکار نے اسے ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی قرار دیا ہے۔

لوگو میں تبدیلی کے بعد اپوزیشن کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرسار بھارتی کے سی ای او گورو دویدی نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ نئے لوگو میں پرکشش زعفرانی رنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ   ہم بصری اور تکنیکی طور پر ڈی ڈی نیوز کی بحالی پر بھی کام کر رہے ہیں۔