ٹی آر پی گھوٹالہ: ممبئی میں ریپبلک ٹی وی کے سی ای او کو گرفتار کیا گیا

ممبئی، دسمبر 13: این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی پولیس نے ٹی آر پی گھوٹالے کے معاملے میں آج ریپبلک ٹی وی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وکاس کھنچندانی کو گرفتار کر لیا۔ چندانی اس گھوٹالے میں گرفتار ہونے والا 13 واں شخص ہے۔

ریپبلک ٹی وی نے کہا ہے کہ وہ گرفتاری کے عدالت کا رخ کرے گی۔ سینئر ایڈووکیٹ کے کے منان نے ریپبلک ٹی وی کے سی ای او کی گرفتاری کا از خود نوٹس لیتے ہوئے عدالتوں سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

نیوز چینل کے ایڈیٹر انچیف ارنب گوسوامی نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے یہ پوچھا کہ کیا یہ آئینی ہے؟ ارنب نے پوچھا ’’اگر معاملہ ٹی آر اے آئی (ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا) کے تحت آتا ہے تو ممبئی پولیس ہمارے سی ای او کو کیوں گرفتار کررہی ہے؟‘‘

نیوز چینل کے وکیل ایم آر وینکٹیش نے بھی سپریم کورٹ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

وہیں اے این آئی کی ایڈیٹر سمیتا پرکاش نے ایگزیکیٹو، مقننہ اور عدلیہ پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی میڈیا کی حمایت کے لیے اکٹھے ہوں۔

واضح رہے کہ گذشتہ منگل کے روز ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف گوسوامی نے ممبئی پولیس کے ذریعے اس گھوٹالہ کی تحقیقات پر روک لگانے کے لیے بمبئی ہائی کورٹ میں رجوع کیا تھا۔

اس ٹی آر پی اسکیم کا انکشاف رواں سال اکتوبر میں ہوا تھا۔ ممبئی پولیس نے 6 اکتوبر کو پہلی اطلاعاتی رپورٹ درج کی تھی۔

ریپبلک ٹی وی کے علاوہ باکس سنیما اور ایک مراٹھی چینل کا نام بھی ابتدائی تفتیش کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس معاملے میں ریپبلک ٹی وی کے متعدد عہدیداروں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔