وزیر زراعت دو دن میں احتجاج کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کریں گے: امت شاہ

نئی دہلی، دسمبر 20: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومار پیر یا منگل کے روز نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں سے ملاقات کریں گے تاکہ وہ ان کے احتجاج کو روک سکیں۔ واضح رہے کہ حکومت اور کسانوں کے نمائندوں درمیان اب تک ہوئے متعدد مذاکرات ناکام رہے ہیں۔

امت شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’میں اس وقت کے بارے میں قطعی طور پر آگاہ نہیں ہوں لیکن امکان ہے کہ تومر ان کے مطالبات پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے کل یا دوسرے دن کسانوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔‘‘

دریں اثنا کسانوں نے تینوں متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کو تیز کرتے ہوئے پیر کے روز ایک دن کے بھوک ہڑتال کی کال دی ہے۔

یوگیندر یادو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کسان نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیر کے روز ایک دن کی بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے۔

انھوں نے قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے تمام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے احتجاجی مقامات پر بھوک ہڑتال کریں۔

وہیں بھارتی کسان یونین نے لوگوں سے 23 دسمبر کو منائے جانے والے یومِ کسان پر کھانا چھوڑنے کے لیے کہا۔

اے این آئی کے مطابق ، یونین کے ایک رہنما جگجیت سنگھ ڈیلے والا نے کہا کہ انھوں نے 25 دسمبر سے 27 دسمبر تک ہریانہ میں ٹول پلازوں کو آزاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے 27 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کے دوران ان کی تقریر کے وقت لوگوں سے اپنے گھروں پر اپنے برتنوں کو پیٹنے کے لیے بھی کہا۔

واضح رہے کہ دہلی کی سرحدوں پر جاری کسانوں کا احتجاج 25 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے اور کسان تینوں قوانین کی مکمل منسوخی کے اپنے مطالبے پر قائم ہیں۔