کوویڈ ویکسینیشن کے بعد سی اے اے کے قواعد پر غور کیا جائے گا: امت شاہ

نئی دہلی، دسمبر 21: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے قواعد ابھی طے نہیں ہوئے ہیں کیوں کہ کورونا وائرس وبائی بیماری کے دوران اس طرح کا ایک بہت بڑا کام نہیں کرایا جاسکتا ہے۔

امت شاہ نے یہ تبصرہ بنگال میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں مغربی بنگال کے دو روزہ دورے کے موقع پر کیا۔

امت شاہ نے کہا ’’سی اے اے کے قواعد ابھی طے نہیں ہوئے ہیں کیوں کہ کورونا کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر عمل نہیں ہوسکا۔ جیسے ہی (کوویڈ) ویکسینیشن شروع ہوگی اور کورونا سائیکل ٹوٹ جائے گا، ہم اس پر غور کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں وزارت داخلہ نے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں کہا تھا کہ شہریت ترمیمی قانون کے قواعد ابھی تک تیار نہیں ہوئے ہیں۔

دی ہندو کی خبر کے مطابق جولائی میں وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ کو بھی سی اے اے سے متعلق قواعد وضع کرنے میں تاخیر سے آگاہ کیا تھا۔

معلوم ہو کہ اگر پارلیمنٹ نے قانون سازی کی منظوری کے چھ ماہ کے اندر قواعد وضع نہیں کیے تو اسے دوبارہ منظور کرانا ہوسکتا ہے۔ تاہم اس مدت میں توسیع ہوسکتی ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے بعد وزارت نے پارلیمانی کمیٹی سے تین ماہ کی توسیع طلب کی تھی، جس کی میعاد ختم ہوگئی ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ وزارت نے مزید توسیع حاصل کی ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ 13 دسمبر کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے کہا تھا کہ ریاست میں جلد ہی سی اے اے نافذ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر 2019 کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے والا سی اے اے بنگلہ دیش، افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کو مذہب کی بنیاد پر شہریت فراہم کرتا ہے۔