وزیر اعظم کی لائٹ بند کرنے کی اپیل پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہریانہ میں دلت خاندان پر مبینہ طور پر حملہ

نئی دہلی، اپریل 9: ہریانہ کے پلول ضلع میں پولیس نے 5 اپریل کی شام 9 بجے وزیر اعظم کی لائٹ بند کرنے کی اپیل پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ایک دلت گھرانے پر حملہ کرنے کے الزام میں کم سے کم 31 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

ملزم نے، جس کا تعلق گجر برادری سے ہے، 5 اپریل کی شب ساڑھے نو بجے کے قریب پنگور گاؤں میں ایک دلت خاندان کے گھر میں گھس کر آٹھ افراد پر حملہ کیا۔ دھنپال، شکایت کنندہ، نے الزام لگایا کہ ملزم ذات پات کی گالیاں دیں اور ان سے کہا کہ رات بھر گھر کی لائٹس بند رکھیں۔ دھنپال کے علاوہ ان کا بیٹا اور بیٹی اور کنبہ کے پانچ دیگر افراد زخمی ہوئے۔

دھنپال نے الزام لگایا کہ ملزمان لاٹھیوں، لوہے کی سلاخوں اور اینٹوں سے مسلح تھے۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ دھنپال نے حملہ آوروں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 5 اپریل کو نو منٹ کے لیے اپنے گھر کی لائٹس بند کردی تھیں۔

صدر اسٹیشن ہاؤس آفیسر جتیندر کمار نے بتایا کہ دونوں خاندانوں کے بچوں نے لائٹس بند کرنے کے معاملے پر تکرار کی۔ آفیسر نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد اہل خانہ ایک دوسرے پر پتھراؤ کرنے لگے۔ انھوں نے ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم فرار ہو گئے اور گاؤں کے سرپنچ کو بدھ کی شام 5 بجے تک پولیس کے سامنے انھیں پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ کیا سرپنچ نے حکم کی تعمیل کی ہے۔

تعزیرات ہند کے تحت زخمی کرنے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دی ٹرائب نے رپوٹ کیا کہ شیڈول ذات اور قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کی دفعات کو بھی نافذ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مودی نے 5 اپریل کو شہریوں کو موم بتیاں روشن کرنے اور موبائل فلیش لائٹیں جلانے کا مشورہ دیا تھا تاکہ اس بیماری کے خلاف جنگ میں اظہار یکجہتی کی جا سکے۔

مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق کورونا وائرس نے اب تک ہندوستان میں 5،734 افراد کو متاثر کیا ہے اور 166 افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔