کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے پھل خریدنے کے لیے گھر سے باہر نکلیں صفدر جنگ اسپتال کی دو خواتین ڈاکٹر پر حملہ

نئی دہلی، اپریل 9: جنوبی دہلی کے صفدرجنگ اسپتال کی دو خواتین ڈاکٹروں پر بدھ کی شام کو اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گروسری خریدنے باہر جارہی تھیں۔

ڈاکٹر قریب کے گوتم نگر کے ایک بازار میں گئی تھیں، جہاں وہ رہتی ہیں، تو ایک شخص نے مبینہ طور پر دونوں ڈاکٹروں کو ہراساں کیا اور کہا کہ وہاں ڈاکٹروں کی موجودگی سے کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

بعد میں ڈاکٹروں نے پولیس کو بلایا، لیکن جب پولیس پہنچی تب تک ملزم اس علاقے سے فرار ہوگیا تھا۔

مارکیٹ میں موجود مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر حملہ آور کے بارے میں تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

بعد میں حملہ آور کی شناخت 42 سالہ انٹیریر ڈیزائنر کے طور پر ہوئی، جسے بدھ کی رات گرفتار کر لیا گیا۔

صفدرجنگ اسپتال کے رہائشی ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر منیش نے بتایا کہ یہ واقعہ رات 9:30 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں ڈاکٹر پھل خریدنے گھر سے باہر گئی تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں خواتین ڈاکٹر اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہیں۔

ڈاکٹر منیش کے مطابق دونوں خواتین حملے میں زخمی بھی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ابھی تک ملک میں کورونا کے 5734 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 473 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں جب کہ اس وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے 166 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 540 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 17 اموات ہوچکی ہیں۔