ورچوئل مشین انسٹالیشن اور ’وی ایم ویئر‘

پانچویں قسط

شفیق احمد
ابن عبداللطیف آئمی ، مالیگاؤں

 

ابھی تک ہم ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کی تیاری کے لیے ضروری سافٹ وئیرز کے بارے میں معلومات حاصل کررہے تھے اور کچھ حد تک ’’ورچوئل مشین انسٹالیشن‘‘ کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ یہ تو ہم نے اچھی طرح جان لیا کہ ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کی تیاری کے لیے سب سے بہترین سافٹ وئیر ’’وی ایم وئیر‘‘VMware سافٹ وئیر ہوتا ہے ۔ حالانکہ اس کے علاوہ بھی کئی سافٹ وئیرز ہیں لیکن اِس سافٹ وئیر کی خوبی یہ ہے کہ ہر قسم کے ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ میں بہترین کام کرتا ہے۔ جبکہ دوسرے سافٹ وئیرز محدود ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ پر ہی کام کرتے ہیں۔ اِس لیے ہم ’’وی ایم وئیر‘‘VMware کے ذریعے ہی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ تیار کرنے کے لیے ’’ورچوئل مشین انسٹالیشن‘‘ کے بارے میں بتائیں گے۔’’نئی ورچوئل مشین‘‘ تیار کرنے کے لئے ’’وی ایم وئیر‘‘VMware سافٹ وئیر کو انسٹال کرکے جب ’’اوپن‘‘ کریں گے تو اُس کا ’’انٹر فیس‘‘ سامنے آئے گا اور ’’ورچوئل مشین انسٹالیشن‘‘ کا عمل شروع ہوجائے گا ۔اُس ’’انٹر فیس‘‘میں ایک ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ ہوگاجس میں ہم سے ’’کنفیگریشن‘‘ کے بارے میں پوچھا جائے گا ۔ ’’انٹر فیس‘‘ میں Typical بٹن پر چیک لگا ہوگا اور Custom پر نہیں لگا ہوگا ۔ ہمیں اسے ایسا ہی رہنے دینا ہوگا اور جب ہم Next پر کلک کریں گے تو پہلے ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ کی جگہ دوسرا آجائے گا جس میں ’’ویزرڈ‘‘ ہم سے پوچھے گا کہ ہمیں ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ میں کون سا ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ رکھنا ہے۔ دوسرے ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ میں ’’مائیکرو سافٹ ونڈوز‘‘ پر چیک کا نشان لگا ہوگا اور سب سے نیچے اُس ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ کا نام لکھا ہوگا جسے ہم اپنے ’’پروسیسر‘‘ میں چلا رہے ہوں گے ۔ یہاں بھی ہمیں کچھ ردّوبدل نہیں کرنا ہے اور Next پر کلک کردینا ہے ۔ جب ہم کلک کریں گے تو دوسرا ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ غائب ہوجائے گا اور اُس کی جگہ تیسرا ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ آجائے گا جس میں ہم سے پوچھا جائے گا کہ ہماری ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کا نام کیا ہوگا اور اسے کہاں محفوظ کرنا ہوگا ۔ ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کے لیے ہمیں اپنے کمپیوٹر میں کم سے کم ’’سو جی بی‘‘ 100GB کا ایک خالی پارٹیشن پہلے سے چھوڑنا ہوگا ۔ اب ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کا نام یہاں ڈالیں گے اور پہلے سے ’’سو جی بی‘‘ 100GB کا خالی پارٹیشن جو ہم نے چھوڑ رکھا ہوگا اُسی میں محفوظ کردیں گے ۔اِس کے بعد جب ہم Next پر کلک کریں گے تو چوتھا ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ سامنے آئے گا جس میں ’’ویزرڈ‘‘ ہم سے پوچھے گا کہ ہم اپنی ’’ورچوئل مشین‘‘ پر کون سا نیٹ ورک رکھنا چاہتے ہیں؟ اور اِس ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ میں چار آپشن ہوں گے۔ پہلا آپشن Use Bridge Networking کا ہوگا جس کی ’’نیٹ ورکنگ‘‘ میں میزبان اور مہمان ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ کو بیرونی نیٹ ورک اور انٹرنیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوتی ہے اور وہ اپنی الگ شناخت بھی بنائے رکھتا ہے۔ دوسرا آپشن Use Network Address Translation کا ہوگا جس میں میزبان اور مہمان دونوں ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ کی ایک ہی شناخت رہتی ہے ۔ اِس میں ’’مہمان آپریٹنگ سسٹم‘‘ کو بھی وہی تمام صلاحیتیں حاصل ہوجاتی ہیں جو ’’میزبان آپریٹنگ سسٹم‘‘ کے پاس ہوتی ہیں۔ تیسرا آپشن Use host-only Networking کا ہے جسے ہم اُس وقت استعمال کرسکیں گے جب ہمیں ’’مہمان آپریٹنگ سسٹم‘‘ کو کسی ’’پرائیویٹ نیٹ ورک‘‘ کا حصہ بنانا ہوگا۔چوتھا آپشن ہم اُس وقت سلیکٹ کریں گے جب ہمیں ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کو ’’نیٹ ورکنگ‘‘ کی سہولت نہیں دینی ہوگی۔ ہمیں ابتدائی طور پر دوسرا آپشن ’’سلیکٹ‘‘ کرنا ہوگا اِس لیے ہم Use Network Address Translation پر چیک کا نشان لگا دیں گے اور Next پر کلک کردیں گے ۔اب چوتھا ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ غائب ہوجائے گا اور اُس کی جگہ پانچواں ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ آجائے گا جس میں ہم سے ’’ویزرڈ‘‘ یہ پوچھے گا کہ ہمیں ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ میں کتنی گنجائش کی ’’ورچوئل ڈسک‘‘ نصب کرنی ہے ۔یہاں ہمارے منتخب کردہ ’’آپریٹنگ سسٹم کے مطابق پہلے سے 8GB Disk Size میں گنجائش لکھی ہوئی نظر آئے گی اور یہ کم سے کم گنجائش ہے۔ اس میں ہم اپنی مرضی سے کم یا زیادہ کرسکتے ہیں لیکن ہمیں کم نہیں کرنا ہے بلکہ زیادہ ہی کرنا ہے کیونکہ یہ صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جو ’’ونڈوز ایکس پی آپریٹنگ سسٹم‘‘ استعمال کررہے ہوں۔ آج کل جو ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ استعمال ہورہے ہیں وہ بہت ہی اعلی کوالیٹی کے ہیں اور اُن کے لیے زیادہ جگہ دستیاب ہوگی۔ پانچویں ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ میں نیچے Finish کا ریڈیو بٹن نظر آئے گا ۔ جب ہم اُس پر کلک کریں گے تو ’’ورچوئل مشین انسٹالیشن‘‘ کا عمل مکمل ہوجائے گااور ہماری ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ تیار ہوجائے گی۔
جب ہمارا ’’انسٹالیشن‘‘ مکمل ہوجائے گا تو ہمارے ’’سائیڈ بار‘‘ پر ہمیں ’’فیورٹ‘‘ Favorites کے تحت ہم نے اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کا جو نام دیا ہوگا وہ ہمیں دکھائی دے گا۔ اِس کے ساتھ ہی مرکزی حصے میں ایک ’’نئے ٹیب‘‘ کا اضافہ ہوجائے گا ۔ اس ’’ٹیب‘‘ میں ہمیں ’’نئی ورچوئیل مشین‘‘ میں نصب ’’ڈیوائسس‘‘ کی فہرست بھی نظر آئیں گی۔اِس فہرست میں ہمیں ’’ایڈیٹ ورچوئل مشین سیٹنگ‘‘ Edit virtual machine settings نام کا آپشن بھی نظر آئے گا۔ ہمیں اپنی ’’نئی ورچوئل مشین کی سیٹنگ‘‘ کرنے کے لیے اِس پر کلک کرنا پڑے کا اور جب ہم اِس پر کلک کریں گے تو ’’ورچوئل مشین سیٹنگ‘‘ virtual machine settings کی نئی ’ونڈو‘‘ کھل جائے گی اور اس میں ہمیں دو ٹیب ’’ہارڈ وئیر‘‘ Hardware اور ’’آپشنز‘‘ Options نام سے نظر آئیں گے۔اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ میں اگر ہم ’’ہارڈ وئیرز‘‘ میں تبدیلی کرنا چاہتے ہوں تو ہمیں ’’ہارڈ وئیر‘‘ والے ٹیب کا استعمال کرنا ہوگا۔’’ہارڈ وئیر‘‘ کا ٹیب پہلے سے ہی ہمیں کھلا ملے گا اور اِس میں ’’ڈیوائسس‘‘ کی فہرست میں ’’میموری‘‘ Memory پہلے سے منتخب ہوتی ہے۔ دائیں طرف ہمیں ’’میموری‘‘ کے حوالے سے معلومات اور ’’سلائیڈ بار‘‘ نظر آئیں گی۔اِس ’’سلائیڈ بار‘‘ کے ذریعے ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کے لیے ’’میموری‘‘ کی مقدار میں کمی یا زیادتی کرسکتے ہیں۔
’’ہارڈوئیر‘‘ کی سیٹنگ
’’ہارڈ وئیر‘‘ ٹیب میں ہمیں نو 9 ’’آپشنز‘‘ نظر آئیں گے جن میں سب سے اوپر ’’میموری‘‘ کا ہوگا اور سب سے آخر میں ’’ڈسپلے‘‘ نام کا ’’آپشن‘‘ ہوگا۔ دوسرے نمبر پر ہمیں ’’ہارڈ ڈسک آئی ڈی‘‘ Hard Disk ID نظر آئے۔ جب ہم اُس پر کلک کریں گے تو ’’ونڈو‘‘ میں دائیں طرف نظر آنے والے ’’آپشنز‘‘ تبدیل ہوجائیں گے اور اب ہمیں یہاں ’’ہارڈ ڈسک‘‘ سے متعلقہ معلومات ’’آپشنز‘‘ کے ساتھ نظر آئیں گی۔ابتدائی طور پر ہمیں یہاں کسی بھی آپشن میں تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں پیش آئے گی لیکن جب ہم ’’وی ایم وئیر‘‘VM wear سافٹ وئیر کے استعمال میں مہارت حاصل کریں گے تو پھر ضرورت کے مطابق خود بخود دوسرے ’’آپشنز‘‘ کا بھی استعمال کریں گے اورفی الحال اسے ایسے ہی رہنے دیا جائے گا۔ ’’ہارڈ وئیر‘‘ ٹیب میں ہمیں تیسرے نمبر پر ’’سی ڈی روم‘‘ CD ROM کا ’’آپشن‘‘ دکھائی دے گا ۔ جب ہم اِس پر کلک کریں گے تو دائیں طرف ہمیں ’’سی ڈی روم‘‘ کے بارے میں ’’آپشنز‘‘ دکھائی دیں گے۔’’وی ایم وئیر‘‘ VM wear سافٹ وئیر کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہمارے کمپیوٹر کی ’’بائی ڈیفالٹ‘‘ (فطری والی) By Default یعنی کمپیوٹر سے منسلک ’’سی ڈی ڈرائیو‘‘ استعمال کرتا ہے۔ اِسی لیے ہمیں دائیں طرف ’’فیزیکل سی ڈی ڈرائیو‘‘ Use Physical Drive ’’آپشن‘‘ کے ریڈیو بٹن پر ’’چیک‘‘ کا نشان لگا دکھائی دے گا۔چونکہ ہم اپنے کمپیوٹر سے منسلک ’’سی ڈی ڈرائیو‘‘ کا استعمال کریں گے اِس لیے یہاں بھی کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔ہاں ’’وی ایم وئیر‘‘ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ ہمیں ’’فیزیکل سی ڈی ڈرائیو‘‘ کے بجائے دوسری ’’مجازی سی ڈی ڈرائیو‘‘ استعمال کرنے کی بھی سہولت دیتا ہے۔ اِس کے لیے ہم کوئی بھی ’’مجازی سی ڈی ڈرائیو‘‘ بنا لیں گے اور کوئی بھی ISO سی ڈی امیج اِس میں ’’ماؤنٹ‘‘ کردیں گے تو ’’وی ایم وئیر‘‘ اِس کا استعمال کرنا شروع کردے گا۔اِسی طرح ’’ہارڈ وئیر‘‘ میں موجود دوسرے تمام ’’آپشنز‘‘ بھی ہم ملاحظہ کرکے اُن میں تبدیلی کرسکتے ہیں لیکن ابتداء میں انہیں ایسے ہی رہنے دیا جائے تو بہتر ہوگا۔ اِس کے بعد جیسے جیسے ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کو آگے استعمال کرتے جائیں گے تو ’’وی ایم وئیر‘‘سافٹ وئیر میں بھی مہارت حاصل کرتے جائیں گے اور پھر ہم خود ہی ضرورت کے مطابق ’’ہارڈوئیر‘‘ ٹیب کے ’’آپشنز‘‘ میں تبدیلیاں کرتے جائیں گے۔
’’آپشنز‘‘ کی سیٹنگ
’’ہارڈ وئیر‘‘ کی سیٹنگ کے بعد ہم ’’آپشنز‘‘ کی سیٹنگ کریں گے۔ کھلی ہوئی ونڈوز میں دوسرا ٹیب ’’آپشنز‘‘ کا ہے اور جب ہم اُس پر کلک کریں گے تو ’’آپشنز‘‘ کا ٹیب کل جائے گا۔اِس ٹیب میں بھی ہمیں نو 9 ’’آپشنز‘‘ نظر آئیں گے اور سب سے اوپر ’’جنرل‘‘ General ، اُس کے نیچے ’’پاور‘‘ Power کا ’’آپشن‘‘ ہوگا اور سب سے نیچے ’’ایڈوانسڈ‘‘ Advanced کا ’’آپشن‘‘ ہوگا۔’’جنرل‘‘ آپشن میں ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کا نام تبدیل کرسکتے ہیںاور اس میں انسٹال ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ اور ’’ورژن‘‘ میں بھی تبدیلی کرسکتے ہیں۔اِس کے علاوہ ’’شیرڈ فولڈر‘‘ بھی کرسکتے ہیں لیکن ہمیں ابتداء میں اِن تمام آپشنز میں کوئی تبدیلی نہیں کرنی ہے۔ آگے ہم جیسے جیسے اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کا استعمال کرتے جائیں گے تو ضرورت کے مطابق خود ہی اِن میں تبدیلیاں کرتے جائیں گے۔ ’’آپشنز‘‘ ٹیب میں ہمیں ساتویں نمبر پرایک آپشن ’’ریموٹ ڈسپلے‘‘ Remote Display نظر آئے گا۔ یہ بہت ہی اہم اور کام کا ’’آپشنز‘‘ ہے اِس لیے یہاں اس کے بارے میں بتانا ہم ضروری سمجھتے ہیں۔’’ریموٹ ڈسپلے‘‘ آپشن کو فعال کرنے سے ہمیں یہ فائدہ حاصل ہوگا کہ ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کو کسی بھی ’’وی این سی‘‘ کلائنٹ کے ذریعے دنیا میں کسی بھی جگہ پر بیٹھ کر کنٹرول کرسکتے ہیں بشرطیکہ ہماری ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ بھی انٹر نیٹ یا نیٹ ورک سے ’’کنکٹ‘‘ ہو۔ ہماری ’’نئی ورچوئل مشین کی سیٹنگ‘‘ اب مکمل ہوگئی ہے۔ اب ہم ’’سیٹنگ‘‘ ونڈوز کو بند کردیں گے اور ہماری ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ کو ’’رن‘‘ کریں گے۔ اگلے ہفتے انشاء اﷲ ہم اپنی ’’نئی ورچوئل مشین ‘‘ کو ’’رن‘‘ کرنے اور اس کے آگے کی معلومات پیش کریں گے۔ (جاری)
***

آج کل جو ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ استعمال ہورہے ہیں وہ بہت ہی اعلی کوالیٹی کے ہیں اور اُن کے لیے زیادہ جگہ دستیاب ہوگی۔ پانچویں ’’ڈائیلاگ باکس‘‘ میں نیچے Finish کا ریڈیو بٹن نظر آئے گا ۔ جب ہم اُس پر کلک کریں گے تو ’’ورچوئل مشین انسٹالیشن‘‘ کا عمل مکمل ہوجائے گااور ہماری ’’نئی ورچوئل مشین‘‘ تیار ہوجائے گی۔