مودی سرکار اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے لیے ریاستی اداروں کا استعمال کر رہی ہے: سونیا گاندھی

کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ریاست کے ہر ادارے کو اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے لیےاستعمال کر رہی ہے ، اور اسے "دہشت گردی” اور "ملک دشمن” قرار دے کر اختلاف کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے اور اختلاف کرنے والوں اور سیاسی مخالفین کے ساتھ "دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے گویا وہ جمہوری حقوق نہیں رکھتے۔”

پیر کے روز شائع ہونے والے ایک مضمون میں ان کا مذکورہ بالا تبصرہ ، ان کے دسہرہ پیغام کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکمرانوں کو "تکبر نہیں کرنا چاہیے ، جھوٹ کا سہارا نہیں لیا جانا چاہیے یا لوگوں سے کیے گئے وعدے توڑنے نہیں چاہئیں۔”

اپنی مضمون میں محترمہ گاندھی نے کہا کہ جمہوریت کے ہر ستون پر "حملہ” کیا جارہا ہے اور پولیس ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن ، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور یہاں تک کہ منشیات بیورو اب صرف "وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے دفتر کا اشاروں پر ناچ رہے ہیں”۔

"بی جے پی کو اختلاف کرنے والوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے ساتھ اختلافات ہوسکتے ہیں۔ در حقیقت یہی کارکن اکثر کانگریس حکومتوں کے خلاف بھی احتجاج کرتے رہے ہیں۔ لیکن انہیں فرقہ وارانہ تشدد کو فروغ دینے والے ملک دشمن سازشیوں کی طرح پیش کرنا جمہوریت کے لیےانتہائی خطرناک ہے۔

محترمہ گاندھی نے بتایا کہ کس طرح حکومت ایسے کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے جو شہریت ترمیمی قانون اور شہریوں کے قومی رجسٹر کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور ان کے خلاف 700 سے زیادہ ایف آئی آر درج کروائی گئیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ شہریوں کے حقوق حق رائے دہی کے ساتھ ختم نہیں ہوتے ، کیونکہ بنیادی حقوق اظہار رائے اور اختلاف رائے کی آزادی بھی دیتے ہیں اور پرامن طور پر احتجاج کرنے کا حق بھی دیتے ہیں۔

"وزیر اعظم بار بار 130 کروڑ بھارتیوں کی نمائندگی کرنے کا دعوی کرتے ہیں۔ لیکن ان کی حکومت اور حکمران پارٹی سیاسی مخالفین ، اختلاف کرنے والوں اور ان لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کررہی ہے گویا وہ جمہوری حقوق کے حامل نہ ہوں اور دوسرے درجے کے شہری ہوں۔ بھارت کے عوام صرف انتخابی حلقہ نہیں ہیں”۔ انہوں نے کہا ، صرف اور صرف عوام ہی اصل قوم ہیں۔