مدھیہ پردیش حکومت یکم جولائی سے ’’کِل(Kill) کورونا‘‘ مہم کے تحت گھر گھر سروے اور ٹیسٹ کرے گی

بھوپال، جون 28: مدھیہ پردیش حکومت ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے یکم جولائی سے ایک ’’کِل کورونا‘‘ (کورونا کو مارو)  مہم شروع کرے گی۔

وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتے کے روز اس وبائی مرض سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کے دوران کہا کہ اس مہم کے تحت گھر گھر جا کر سروے کیا جائے گا اور دیگر بیماریوں کے لیے بھی شہریوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ 15 روزہ مہم کے دوران 2.5 لاکھ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور روزانہ 15،000 سے 20،000 نمونے اکٹھے کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جانچ کی گنجائش ہر 10 لاکھ افراد میں 4000 سے دگنی ہو کر 8،000 تک پہنچ جائے گی۔

شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ 19 کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 76.9 فیصد ہے، جب کہ قومی سطح پر یہ شرح 58.1 فیصد ہے۔

ہفتہ تک مدھیہ پردیش میں 12،965 کوویڈ 19 کے معاملات سامنے آئے ہیں اور 550 اموات اس بیماری کی وجہ سے ہوئی ہیں۔