محبوبہ مفتی کی حراست کو جاری رکھنا ظالمانہ ہے: عمر عبد اللہ

نئی دہلی، 25 مارچ: جیل سے رہا ہونے کے ایک دن بعد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے مرکز سے پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے، جو مرکز کے ذریعے 5 اگست کو سابقہ ریاست کا خصوصی درجہ منسوخ کرنے کے بعد سے حراست میں ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما نے ٹویٹ کیا ’’ایسے وقت میں اس طرح محبوبہ مفتی اور دیگر کی نظربندی جاری رکھنا ناگوار اور ظالمانہ ہے۔‘‘

 

عبداللہ کو سات ماہ سے زیادہ عرصے تک قید کے بعد منگل کو سرینگر کی عارضی جیل ہری نواس سے رہا کیا گیا۔ فروری میں عبداللہ اور محبوبہ مفتی پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ منگل کو اپنی رہائی کے فوراً بعد عبد اللہ نے مرکز سے اپیل کی تھی کہ وہ مواصلات پر پابندی ختم کرے اور وادی میں 3G / 4G خدمات کو بحال کرے۔

انھوں نے کہا ’’دو چیزوں پر سب سے پہلے غور کرنا چاہیے۔ ایک، ہمیں کورونا وائرس سے لڑنا ہے۔ دوسرا، ہمارے تمام لوگ جو جیلوں میں قید ہیں، جموں و کشمیر کے اندر یا اس کے باہر، اس مشکل وقت میں مرکز کو انھیں رہا کرنا چاہیے اور انھیں گھر لے آنا چاہیے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے بعد وہ 370، 35A اور UT کی حیثیت پر کوئی تبصرہ کریں گے۔