لدھیانہ: ناروے میں قرآن کی بےحرمتی کے خلاف زبردست احتجاج

لدھیانہ: حال ہی میں ناروے میں ایک مسلم مخالف تنظیم کی جانب سے قرآن کا نسخہ جلائے جانے کی کوشش کے واقعہ پر دنیا بھر کے مسلمان لگاتار اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ پنجاب کے لدھیانہ شہر میں بھی جمعہ کے روز مسلم طبقہ نے احتجاج کیا اور اسلام کے خلاف کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کا عہد کیا۔ مظاہرین نے محمد الیاس کی تصویر والے پوسٹر بھی تھامے ہوئے تھے جنہوں نے بہادری کے ساتھ قرآن کے نسخہ کو جلانے کی حرکت کو ناکام بنا دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق شہر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ’مجلس احرار اسلام ہند‘ کی سربراہی میں مسلم طبقہ سے وابستہ لوگوں نے ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف نعرےبازی کی اور ناروے حکومت کا پتلا نذر آتش کیا۔ شاہی امام پنجاب مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی نے اس موقع پر کہا کہ ناروے کی اسلام مخالف تنظیم قرآن شریف کے نسخے کو جلاکر شاید یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ وہ دنیا سے اسلام کا خاتمہ کردیں گے، جب کہ تاریخ شاہد ہے کہ جہاں بھی اس طرح کی کوششیں کی گئی ہیں وہاں اسلام پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ قرآن مجید دنیا بھر کے انسانوں کے لیے نیکی اور مساوات کا درس دیتا ہے اور ظلم و ستم کرنے والوں کو یہی چیز پسند نہیں آتی۔

(ایجنسیاں)