فضائی آلوگی: دیوالی کے اگلے دن دہلی میں ہوا کا معیار خطرناک حد تک نقصان دہ

نئی دہلی، 15 نومبر: مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق دیوالی کے ایک دن بعد آج اتوار کے روز دہلی میں فضائی آلودگی ’’شدید‘‘ نقصان دہ کے نشان تک جا پہنچی، کیوں کہ پٹاخوں اور آتش بازیوں کی وجہ سے صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے۔

ایجنسی کے ایئر کوالٹی انڈیکس یا AQI کے مطابق 500 کے پیمانے میں 100 سے اوپر کا کوئی بھی نشان صحت کے لیے غیر محفوظ ہے، جب کہ آج صبح 6 بجے دہلی میں AQI 468 کے نشان پر تھا، جو ’’شدید‘‘ مضر صحت حالتوں کی نشان دہی کرتا ہے اور اس سے سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔

سرکاری ایجنسی کا کہنا ہے کہ صبح 7 بجے دہلی میں مجموعی طور پر اے کیو آئی 421 تک جا پہنچا۔ نوئیڈا اور گروگرام دونوں نے بالترتیب 465 اور 376 کے AQI کے ساتھ ہوا خطرناک حد تک نقصان دہ رہی۔ دھوویں کی ایک گہری پرت نے سارے شہر کو اپنی زد میں لے لیا۔

اگرچہ دہلی حکومت نے پٹاکھیوں پر مکمل پابندی عائد کردی تھی، لیکن شہر اور قومی دارالحکومت کے علاقوں میں اس کی خلاف ورزی کی اطلاع ملی ہے، جب صبح سویرے تک پٹاخوں کی آواز سنی جا سکتی تھی۔

دریں اثنا ہفتہ کے روز ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی پیشین گوئی مرکز کے سربراہ کلدیپ سریواستو نے کہا ہے کہ ہوا کی رفتار میں اضافے کی وجہ سے دیوالی کے بعد ہوا کے معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں آلودگی اس سال کے شروع میں تقریبا ختم ہوگئی تھی ، جب مرکز نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن لگایا تھا لیکن جب سے اگست کے آخر میں حکومت نے پابندیاں ختم کرنا شروع کی ہیں تب سے پھر فضائی آلودگی بڑھ گئی ہے۔