سی اے اے مخالف احتجاج خواتین کے زیرِ قیادت ہندوستان کی سب سے بڑی تحریک، عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کارکنان کا اظہار خیال

نئی دہلی، 8 مارچ — اتوار کے روز خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی ہند (خواتین ونگ) کے زیر اہتمام "سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کی جدوجہد” کے موضوع پر سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ کس طرح غیر منصفانہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں خواتین کے ذریعہ شروع کیے گئے احتجاج نے ملک کے باقی حصوں میں خواتین کو نہ صرف شدید مشکلات کے باوجود اپنے شہروں اور قصبوں میں احتجاج کرنے کی تحریک دی بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی۔ اس پروگرام کا اہتمام پریس کلب آف انڈیا میں کیا گیا تھا۔

اپنی ابتدائی تقریر میں محترمہ فاطمہ تنویر نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں خواتین کی طرف سے جاری احتجاج ہندوستان کی معلوم تاریخ میں خواتین کے زیرقیادت اب تک کی سب سے بڑی تحریک ہے، جس میں لاکھوں خواتین روزانہ کی بنیاد پر اس میں حصہ لیتی ہیں۔ پچھلے دو ماہ کے دوران اگر رانی لکشمی بائی اور بیگم حضرت محل جیسی خواتین مجاہدین آزادی نے طاقتور انگریزوں کو للکارا تو اب ہندوستانی خواتین نے بی جے پی کے زیرقیادت مرکزی حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ وہ عوام کے شہریت کے حقوق چھیننے کے متنازعہ قانون کو نافذ نہ کرے۔ شاہین باغ احتجاج جو 15 دسمبر 2019 کو شروع ہوا تھا اتوار کے روز 84 ویں دن میں داخل ہوگیا۔

انھوں نے کہا کہ خواتین، جو کمزور اور دبی سمجھی جاتی تھیں، اب ہر ریاست، شہر اور قصبے کی سڑکوں پر گئیں، ان کے ہاتھ میں "ترنگا” ہے، تاکہ وہ اپنے شہریوں کے حقوق کے لیے لڑیں اور اس صدی کی سرد ترین سردیوں کا مقابلہ کیا اور پولیس مظالم کو برداشت کیا۔

شائستہ رفعت نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ جب خواتین اپنے حقوق کے لیے لڑنے کے لیے آگے آئیں تو سارا منظر نامہ بدل گیا۔ خواتین نے سی اے اے مخالف مظاہرے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس تحریک میں مزید کامیابی ہوگی۔

جے آئی ایچ (خواتین کی ونگ) کی شریک سکریٹری مسز رحمت النسا نے کہا کہ وہ حال ہی میں لندن میں ایک تقریب میں تھیں اور وہاں موجود ہر شخص کو متنازعہ سی اے اے کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کرنے پر ہندوستانی خواتین پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ لندن پروگرام میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ’’نقاب‘‘ میں خواتین جو نکات بنا رہی ہیں، وہ کافی گہری اور مدلل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک بہت اچھا مستقبل ہندوستانی خواتین کا منتظر ہے۔

یہ بیان کرتے ہوئے کہ خواتین ریاستی جبر کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہیں، لوک راج سنگٹھن سے تعلق رکھنے والی سچاریتا نے کہا کہ خواتین کی سی اے اے مخالف احتجاجی تحریک نے تمام ہندو، مسلمان، سکھ اور عیسائیوں وغیرہ کے لوگوں کو متحد کردیا اور ان سب کو آگے بڑھا کر ایک ایسا پلیٹ فارم دیا جو ہندوستان میں گذشتہ کئی دہائیوں میں نہیں دیکھا گیا تھا۔ چونکہ حکومت لوگوں کے اتحاد کو ہضم نہیں کر سکی اس لیے اس نے دباؤ کا سہارا لیا، طلبا اور خواتین مظاہرین کو زدوکوب کیا لیکن وہ پھر سے فالکن کی طرح اٹھ کھڑے ہوئے، جس سے یہ احتجاج مزید مضبوط ہو گیا۔

شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے تشدد کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے لوگوں کو تقسیم کرنے کے مقصد سے بھی تشدد کا ارتکاب کرکے لوگوں کے قتل کا سہارا لیا لیکن وہ اس ڈیزائن میں بھی ناکام ہوگئے کیونکہ لوگ متحد رہے۔

انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب لوگوں نے مذہبی امتیاز کی بنیاد پر سی اے اے کو مسترد کردیا اور اس کے رول بیک کا مطالبہ کیا تو حکومت کہہ رہی تھی کہ وہ ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور عوام سے ان کے مطالبے پر بات کرنے کے بجائے وہ گولیوں اور بدسلوکیوں سے لوگوں کو جواب دے رہی ہے۔ سچترا نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ حکومت طاقت کے استعمال سے پرامن جمہوری احتجاج کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبہ ایمان عثمانی، جو خود احتجاجی طلبا پر پولیس کارروائی میں زخمی ہوئے تھی، نے کہا کہ "خواتین کو جتنا دبایا جائے گا، اتنا ہی ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا”۔

دہلی یونی ورسٹی کی پروفیسر پشپنجلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری خواتین دنیا شاہین باغ کی خواتین کی شکر گزار ہے جنھوں نے بہادری کی ایک نئی زبان لکھی ہے۔

اپنے صدارتی خطاب میں جے آئی ایچ (خواتین ونگ) کی سکریٹری محترمہ عطیہ صدیقہ نے کہا کہ مرد اور خواتین ایک دوسرے کے مخالف نہیں ہیں بلکہ وہ ایک دوسرے کے تکمیل کنندہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پردہ پہننے سے خواتین کو اپنے خیالات اور رائے کے اظہار سے روکا نہیں جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان ہندوستان میں امن اور "تنوع میں اتحاد” کی ایک مثال چاہتے ہیں۔

محترمہ نزہت یاسمین، جے آئی ایچ دہلی کی ریاستی سکریٹری، نے مقررین کے ساتھ ساتھ سامعین کا تقریب میں شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا۔