راجستھان: جودھپور کے ایک فارم میں پاکستانی ہندو تارکین وطن کنبے کے 11 افراد مردہ پائے گئے

نئی دہلی، اگست 9: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق راجستھان کے جودھ پور ضلع کے ایک فارم میں پاکستانی ہندو تارکین وطن کے ایک خاندان کے گیارہ افراد مردہ پائے گئے۔

پولیس نے اس کنبے کے ایک فرد کو زندہ پایا۔ یہ خاندان دیچو کے علاقے میں لوڈتا گاؤں میں رہائش پذیر تھا۔

تاہم پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) راہل برہت نے بتایا کہ انھیں اس واقعے کے بارے میں ابھی کوئی اندازا نہیں ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق زندہ بچ جانے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ اسے جھونپڑی کے اندر کیا ہوا اس کے بارے میں معلوم نہیں ہے کیوں کہ وہ باہر سو رہا تھا۔

برہت نے کہا ’’ابھی تک ہم موت کی وجوہات اور اسباب کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں۔ لیکن بظاہر ممکنہ طور پر تمام ممبروں نے رات میں کچھ کیمیکل کھا کر خودکشی کرلی۔‘‘

برہت نے کہا کہ اس بات کا اشارہ جھونپڑی کے ارد گرد کچھ کیمیکل کی بو سے ہوا ہے۔

پولیس افسر نے مزید بتایا ’’نہ تو کسی کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ کے نشان تھے اور نہ ہی تشدد کا کوئی ثبوت۔ لیکن ہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کے لیے فارنسک ٹیم کی رپورٹ پر منحصر ہیں۔‘‘