دہلی ہائی کورٹ نے بی بی سی کو ہتک عزت کے مقدمے میں طلب کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی دستاویزی فلم نے ہندوستان کی شیبہ خراب کی ہے

نئی دہلی، مئی 22: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو ہتک عزت کے ایک مقدمے میں طلب کیا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ 2002 کے گجرات فسادات پر اس کی دو حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم نے ہندوستان اور اس کی عدلیہ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

یہ مقدمہ گجرات میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم جسٹس آن ٹرائل نے دائر کیا تھا۔ جسٹس سچن دتا نے اسے ستمبر میں سماعت کے لیے درج کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے دستاویزی فلم کا پہلا حصہ ’’انڈیا: دی مودی کویشچن‘‘ 17 جنوری کو جاری کیا تھا۔ اس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مودی، جو گجرات فسادات کے وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، وہ فساد کے ماحول کے لیے براہ راست ذمہ دار تھے اور مودی نے سینئر پولیس افسران کو مداخلت نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

گجرات فسادات میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے، جن میں زیادہ تر مسلمان تھے۔

اس سے قبل 3 مئی کو دہلی کی ایک عدالت نے بی بی سی اور غیر منافع بخش ادارے وکیمیڈیا اور ڈیجیٹل لائبریری انٹرنیٹ آرکائیو کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن بِنَے کمار سنگھ کی جانب سے دائر ہتک عزت کی شکایت پر سمن جاری کیا تھا۔

اپنی درخواست میں سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ اس دستاویزی فلم میں وشو ہندو پریشد اور مودی کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد الزامات ہیں۔ انھوں نے عدالت سے بی بی سی، وکی پیڈیا اور انٹرنیٹ آرکائیو کو دستاویزی فلم شائع کرنے سے روکنے کے لیے ہدایات مانگیں۔

بی بی سی کو اس دستاویزی فلم کے ریلیز ہونے کے بعد سے حکومت اور اس کے حامیوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔ ریلیز کے صرف ایک ماہ بعد محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی اور ممبئی میں برطانوی نشریاتی ادارے کے دفاتر کا سروے کیا تھا۔ محکمہ انکم ٹیکس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان میں بی بی سی کی آمدنی ملک میں آپریشنز کے پیمانے کے مطابق نہیں ہے۔

گذشتہ ماہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی بی بی سی انڈیا کے خلاف غیر ملکی زرمبادلہ کے قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا تھا۔ مرکزی ایجنسی نے پھر اس وقت اس میڈیا کمپنی کے خلاف فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا، جب اس نے برطانوی براڈکاسٹر کے انڈیا یونٹ کی غیر ملکی ترسیلات کی جانچ پڑتال کی۔