جموں و کشمیر حکومت نے سات ماہ کے بعد سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کی نظربندی ختم کی

سرینگر، 13 مارچ۔ دباؤ میں جموں وکشمیر حکومت نے عوامی تحفظ ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ کی نظربندی کو کالعدم قرار دے دیا۔

فاروق، جو سرینگر سے لوک سبھا ممبر ہیں، دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت ان سیکڑوں رہنماؤں میں شامل تھے جنھیں مرکز کے ذریعے 5 اگست کو دفعہ 370 کے خاتمے اور ریاست کی دو یونین ٹیریٹوریز میں تقسیم کے بعد سے حراست میں رکھا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری شالین کابرا نے کہا ’’جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 کے سیکشن 19 (1) کے تحت عطا کردہ اختیارات کے استعمال میں، حکومت ضلع مجسٹریٹ سرینگر کے جاری کردہ نظربندی کے حکم میں تین ماہ کے لیے توسیع کو کالعدم قرار دے رہی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ گذشتہ سال 5 اگست کو آرٹیکل 370 کے خاتمے اور ریاست کے دو مرکزی علاقوں – لداخ اور جموں و کشمیر میں تقسیم کے بعد کشمیر ابھر رہا ہے۔ پوری سیاسی قیادت کو، جس میں تین سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی، عمر عبد اللہ اور فاروق عبد اللہ شامل ہیں، جیل بھیج دیا گیا۔

فاروق عبداللہ کی بیٹی صفیہ عبداللہ خان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’میرے والد ایک بار پھر آزاد آدمی ہیں‘‘۔

اس ٹویٹ کو عمر عبد اللہ کے ہینڈل سے سارا عبداللہ پائلٹ، جو راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کی اہلیہ ہیں، نے ری ٹویٹ کیا۔

پارلیمنٹ میں پیش کردہ اعدادوشمار سے پتا چلتا ہے کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد سے سیاستدانوں سمیت 1561 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اگرچہ بہت سارے سیاستدانوں اور دیگر نظربند لوگوں کو رہا کیا گیا ہے، تاہم محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ابھی بھی جیل میں بند ہیں۔

اس ہفتے کے شروع میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کے ایک گروپ نے جموں و کشمیر کے تینوں سابق وزرائے اعلیٰ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔