جامعہ کا طالب علم دہلی تشدد کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار

نئی دہلی، اپریل 2: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم میران حیدر کو دہلی پولیس نے جمعرات کے روز دہلی کے متعدد علاقوں میں "فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے کی سازش” کے الزام میں گرفتار کیا۔

حیدر، چھاتر آر جے ڈی کے سربراہ بھی ہیں، جو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کا دہلی یوتھ ونگ ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ بدھ کے روز صبح دس بجے حیدر کو اسپیشل سیل نے اپنے لودھی کالونی کے دفتر میں تفتیش کے لیے بلایا تھا اور بعد ازاں انھیں حراست میں لے لیا گیا۔

راجیہ سبھا کے ممبر اور آر جے ڈی رہنما منوج جھا نے ٹویٹ کیا ’’دہلی پولیس نے انھیں تفتیش کے لیے بلایا اور پھر اوپر سے آرڈر موصول ہوئے اور میران حیدر کو گرفتار کرلیا گیا، جو کورونا وائرس پھیلنے کے دوران لوگوں کی مدد کرتا رہا ہے۔‘‘

جے این یو کی چھاتر آر جے ڈی یونٹ نے حیدر کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پولیس عوام دوست بنے، لوگوں کو خوف زدہ نہ کرے۔

جامعہ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی)، جو جامعہ کے موجودہ اور سابق طلبا کی جماعت ہے،، نے بھی میران حیدر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ جے سی سی نے کہا ’’لاک ڈاؤن کے بعد سے گذشتہ دنوں ہمارے دوست میران متاثرین کو راشن مہیا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ شرمناک بات ہے کہ اس طرح کے حالات میں بھی ریاست کی طرف سے مسلم آوازوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور انھیں پریشان کیا جا رہا ہے۔‘‘

جامعہ اسٹوڈنٹس فورم نے بھی ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔