بی جے پی کے ایم ایل نے احتجاج کرنے والے کسانوں پر ’’برڈ فلو پھیلانے‘‘ کا الزام لگایا

راجستھان، جنوری 10: ملک کی سات سے زیادہ ریاستوں میں برڈ فلو پھیلنے کے درمیان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجستھان کے ایم ایل اے مدن دلاور نے آج دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کرنے والے کسانوں پر ’’برڈ فلو پھیلانے کی سازش‘‘ کا الزام لگایا ہے۔

کسان ستمبر میں سینٹر کے ذریعہ منظور کردہ تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف 26 نومبر سے مظاہرے کررہے ہیں۔

اے این آئی کے مطابق دلاور نے کسان احتجاج پر الزام لگایا کہ ’’ان میں عسکریت پسند، ڈاکو اور چور بھی ہوسکتے ہیں اور وہ کسانوں کے دشمن بھی ہوسکتے ہیں اور یہ تمام افراد ملک کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

رام گنج منڈی، کوٹہ سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے ایک ویڈیو انٹرویو میں الزام لگایا کہ ’’نام نہاد کسان ملک کے بارے میں فکرمند نہیں ہیں، پکنک منا رہے ہیں اور لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘‘

دلاور نے الزام لگایا کہ ’’کچھ نام نہاد کسان احتجاج کر رہے ہیں۔ یہ نام نہاد کسان کسی تحریک میں حصہ نہیں لے رہے ہیں، بلکہ تفریح ​​کے لیے چکن بریانی اور خشک میوہ جات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ برڈ فلو پھیلانے کی سازش ہے۔‘‘

سڑکیں بند کرنے پر کسانوں کو عوامی تکلیف پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے ایم ایل اے نے مظاہرین کو ’’برڈ فلو کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے سختی‘‘ کے ساتھ ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

دلاور نے اے این آئی سے کہا کہ ’’اگر ان نام نہاد کسانوں کو مشتعل مقامات سے ہٹایا نہیں گیا تو برڈ فلو پورے ملک میں پھیل سکتا ہے … لہذا انھیں فوری طور پر احتجاجی مقامات سے ہٹا دیا جائے۔‘‘

مرکز سے کسانوں کو منتشر کرنے کے لیے ایک سخت اقدام اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دلاور نے مزید کہا ’’اگر حکومت اگلے چند دنوں میں بات کرکے یا طاقت کے ذریعہ انھیں دور نہیں کرتی ہے تو میں واضح طور پر برڈ فلو کو ملک میں خوفناک شکل اختیار کرتے ہوئے دیکھ سکتا ہوں۔‘‘

دلاور کے بیان کے جواب میں راجستھان کانگریس کے صدر اور ریاستی وزیر تعلیم گووند سنگھ دوتاسرا نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ ’’بی جے پی راجستھان کے ممبر اسمبلی مدن دلاور جی کے ذریعے کسانوں کے لیے دہشت گردوں اور چوروں جیسے الفاظ استعمال کرنا شرمناک ہے۔ وہ کسان جس نے آپ کو کھانا دیا ہے… آپ ان کے احتجاج کو ایک پکنک قرار دے رہے ہیں اور برڈ فلو پھیلانے کے لیے انھیں ذمہ دار قرار دے رہے ہیں! آپ کا بیان بی جے پی کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘