بہار: سیلاب سے 16 اضلاع میں 74 لاکھ افراد متاثر

پٹنہ، اگست 10: ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بلیٹن کے مطابق اتوار کے روز بہار میں سیلاب کی صورت حال سنگین رہی اور سیلاب سے 87،000 مزید لوگ متاثر ہوئے۔

ریاست میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 74 لاکھ ہوگئی ہے، جب کہ سیلاب سے اب تک 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بلیٹن کے مطابق سیلاب نے 16 اضلاع کے 125 بلاکس میں 1،232 پنچایت علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

دربھنگہ میں سیلاب سے سب سے زیادہ 9 اموات ہوئی ہیں۔ اس کے بعد مظفر پور میں چھ، چار مغربی چمپارن میں اور سارن اور سیوان اضلاع میں دو دو اموت ہوئی ہیں۔

دربھنگہ اور مظفر پور سب سے زیادہ متاثر ہیں جن کی مشترکہ متاثرہ آبادی 34 لاکھ ہے۔

سیلاب سے متاثر اضلاع میں سیتامڑھی، شیوہر، سوپل، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، کھگڑیہ، سارن، سمستی پور، سیوان، مدھوبنی، مدھے پورہ اور سہرسا شامل ہیں۔

قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 20 ٹیموں اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 13 ٹیموں کے مشترکہ حفاظتی اقدامات کے دوران اب تک مجموعی طور پر 5.08 لاکھ افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا ہے۔

بلیٹن کے مطابق مجموعی طور پر 11،849 افراد کو امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے، جب کہ دن کے دوران متاثرہ علاقوں میں 1،267 کمیونٹی کچن پر 9.46 لاکھ افراد کو کھانا کھلایا گیا ہے۔

باگمتی، برھی گندک، کمبلن، ادھوارہ، کھیروئی اور گھاگرا جیسی ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں۔

بھاگلپور کے کہلگاؤں میں بھی گنگا خطرے کے نشان سے 17 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔

ریاست کے محکمۂ آبی وسائل کی طرف سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف مقامات پر دریا کی آبی سطح 1 سے 4 سینٹی میٹر تک بڑھ گئی ہے۔