بھوپال کے 500 مسلم قيديوں کے ليے 150 ہندو قيديوں کی خدمات

سحر اور افطار کی تیاری کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کی مثال

( دعوت ويب ڈيسک )کورونا وائرس نے ہندوستان سميت پوري دنيا کو پريشان کيا ہوا ہے ليکن اس کے باوجود ہمارے ملک ميں فرقہ واريت بھي مسلسل پنپ رہي ہے۔ کئي رياستوں سے ہندو۔مسلم اتحاد کو ختم کرنے اور مذہبي انتشار پيدا کرنے کي خبريں سامنے آئي ہيں۔ ليکن اس دوران چند ايسي خبريں بھي منظر عام پر آئي ہيں جو ہندوستان کي مذہبي رواداري کي ترجماني کرتي ہيں۔ بھوپال سنٹرل جيل سے قومي يکجہتي کي ايک اچھي خبر آئي ہے جہاں کووڈ-19 کے دہشت والے ماحول ميں بھي ہندو۔مسلم قيديوں ميں بھائي چارہ برقرار ہے اور وہ پورے ملک کے سامنے ايک مثال پيش کر رہے ہيں۔ رمضان کے اس مبارک مہينے ميں 150 ہندو قيدي ايسے ہيں جو 500 مسلم قيديوں کے ليے آدھي رات ميں اٹھ کر سحري تيار کرتے ہيں اور پھر اگلے دن بوقت شام افطار بھي بناتے ہيں۔ بھوپال سنٹرل جيل ميں تقريباً 3000 قيدي ہيں جن ميں تقريباً 500 مسلم قيدي ہيں جنہوں نے رمضان کے مہينے ميں روزہ رکھنے کا سلسلہ شروع کيا ہے۔ ايک رپورٹ کے مطابق پہلے بھي اس جيل ميں مسلم قيديوں کے ليے سحر وافطار کا انتظام کيا جاتا تھا اور جيل انتظاميہ کے ساتھ ساتھ کچھ باہري ادارے بھي مسلم قيديوں کي مدد کرتے تھے۔ ليکن اس مرتبہ لاک ڈاؤن کي وجہ سے حالات کافي مختلف ہيں۔ جيل انتظاميہ نے مسلم قيديوں کا ہر طرح سے خيال رکھا ہوا ہے۔ بتايا جاتا ہے کہ بوقت سحري تقريباً 150 ہندو قيدي اٹھ کر مسلم قيديوں کے ليے چائے اور روٹي تيار کرتے ہيں۔ پھر جب افطاري کا وقت ہوتا ہے تو پہلے سے ہي ہندو بھائي تربوز، موسمي، کھجور وغيرہ تيار کر ليتے ہيں اور روزہ دار قيديوں کے ليے دودھ کا بھي انتظام کيا جاتا ہے۔ کھانے ميں عموماً مسلم قيديوں کو دال، چاول، سبزي اور روٹي دي جاتي ہے۔جيل ميں مسلم قيديوں کے ليے باضابطہ نماز کا بھي انتظام ہے۔ نماز باجماعت ہوتي ہے ليکن سوشل ڈسٹنسنگ يعني سماجي فاصلہ رکھنے کے ضابطے پر پورا عمل کيا جاتا ہے۔ جيل سپرنٹنڈنٹ دنيش نرگاوے کے حوالہ سے رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ روزہ کے دوران مسلم قيديوں کو کسي طرح کي دقت نہ ہو، اس کا پورا خيال رکھا گيا ہے۔خيال رہے کہ يہ خبر جس کي آزاد ذرائع سے توثيق نہيں ہوسکي،ايک ايسے وقت سامنے آئي ہے جب بھارت ميں  اسلاموفوبيا کے حوالے سے عرب ملکوں کي جانب سے تشويش کا اظہار کيا جارہا ہے۔ (بشکريہ: نيوز18 ويب سائٹ)