بچوں کا صفحہ

ترتیب: ابومنیب

بچوں سے باتیں!
لیجئے ملک بھر میں لاک ڈاون اب 3 مئی تک بڑھادیا گیا ہے۔ بڑے تو بڑے اب بچے بھی اوبنے لگے ہیں اس لیے کہ آخر گھروں میں بند رہنے کی بھی کوئی حد ہوتی ہےاور ان ڈور گیموں سے بھی دل اچاٹ سا ہوگیا ہے۔ ہے نا بچو! ہم نے آپ کے دل کی بات کہہ دی۔ آپ کے یہاں کیا حال ہے معلوم نہیں مگر بعض علاقوں میں تو بہت زیادہ سختی برتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے اناج اور دیگر ضروری اشیا کا خریدنا اور دوا دارو کا انتظام مشکل ہوگیا ہے۔ جن بچوں کے والدین کی آمدنی کم ہے یا جن کے روزی روٹی کا انحصار روزانہ کی کمائی پر ہے ان کے لیے تو ایک ایک لمحہ گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔ سچ ہے حد سے زیادہ مسائل زندگی سے چین وسکون چھین لیتے ہیں۔ ایسے بچوں کے لیے تو کھیل اور علمی مشغلوں میں مصروف ہونا بھی مشکل ہوتا ہے۔ مگر کمزور و بے بس انسان اللہ کی مرضی کے آگے کر بھی کیا سکتاہے۔ تو بچو! صبر کے ساتھ راحت کے دنوں کے لوٹنے کا انتظار کرو اور اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھوں کو اٹھا کر ربّ کریم سے دعا کرو کہ اے انسانوں کے رب انسانوں پر سے کرونا کے عذاب کو ٹال دے۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ بچوں کی بات ضرور سنے گا۔ اصل میں اللہ تعالیٰ انسانوں کو مصیبتوں میں اسی لیے مبتلا کرتا ہے کہ وہ اللہ کی نافرمانی سے باز آجائیں اور توبہ کر کے اللہ کو راضی کر لیں امید ہے کہ آپ یہ کام کر رہے ہوں گے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے بہت ہی خاص ہوتا ہے اس لیے کہ اس ماہ میں اللہ تعالی نے اپنا پاک کلام نازل فرمایا اور روزے فرض کیے۔
پیارے نبی ﷺنے ہمیں بتایا ہے کہ اس مہینے میں اللہ کی رحمت جوش میں رہتی ہے تو بچو! رمضان سے بھر پور استفادے کے لیے پہلے کا پہلے اپنا منصوبہ ضرور بنالینا۔ نمازوں کی پابندی، قرآن کی تلاوت اور اسے سمجھنے کی کوشش، اذکار ودعاوں کے ساتھ کچھ سورتوں کو حفظ کرنے، نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے، بری عادتوں اور خرابیوں کو دور کرنے کا عزم و ارادہ کرلیں۔ اور ہاں اپنے رشتہ داروں اور آس پڑوس کی بھی خبر گیری کریں کہ کوئی ضرورت مند تو نہیں اس لیے کہ وہ دل ہی کیا جو دکھی انسانوں کے درد کو محسوس نہ کرے۔
ابو منیب
پہیلیاں
(۱)ایک اکیلا سب کے ساتھ
سب کے اوپر اس کا ہاتھ
(۲)آندھی ہو یا تیز ہوا
کبھی بجھے نہ ایک دیا
(۳)ایک چھت کا ہے ایسا سایہ
ہر کوئی اس کے نیچے آیا
( ۴)پانی کا مٹکا
درخت پر لٹکا
(۵)دن کے ساتھ ہی آیا
رات ہوئی اور غائب پایا
جوابات:۔
۱)اللہ ۲)چاند ۳)آسمان ۴) ناریل ۵)سایہ
مسکرائیے
بیوی شوہر سے: آپ کو حلوا پسند ہی نہیں آیا۔ جبکہ بچے تو حلوے کی تین پلیٹیں ختم کرچکے ہیں۔ تبھی اندر سے ایک بچے کی آواز آئی۔
امی! حلوے کی ایک پلیٹ اور دے دیں صرف دو کتابیں جوڑنے کی رہ گئی ہیں۔
ایک راہ گیر سائیکل سوار سے ٹکرا کر گرپڑا سائیکل سوار نے اسے اٹھاتے ہوئے کہا۔ تم بڑے خوش نصیب ہو۔
راہ گیر غصے سے بولا۔ ایک تو ٹکر ماری اوپر سے مذاق کرتے ہو۔
سائیکل سوار نے سنجیدگی سے کہا۔ دراصل میں ٹرک ڈرائیور ہوں تم خوش نصیب ہو کہ میں آج سائیکل پر سوار ہوں۔
مرسلہ : عزیز احمد،بھٹکل
ایک دوست دوسرے دوست سے: کسی بیوقوف آدمی کا بھی مذاق نہیں اڑنا چاہئے۔
دوسرا دوست : بالکل ٹھیک کہا ۔۔ کیا میں نے کبھی تمہارا مذاق اڑایا ہے؟
ایک دوست دوسرے دوست سے: آج میں بازار گیا تو ایک آدمی کیلے کے چھلکے سے پھسل کر گر پڑا۔ سب لوگ ہنسنے لگے لیکن میں نہیں ہنسا۔
دوسرا دوست: یہ بہت اچھی بات ہے کہ تم نہیں ہنسے۔
پہلا دوست: ہنستا بھی کیسے گرنے والا میں ہی تو تھا۔
مرسلہ: فردوس فاطمہ، اعظم گڑھ
پیارے نبی ﷺکی پیاری بات
حضرت ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص ‘ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا کہ میرا اونٹ بوڑھا ہوگیا ہے مجھے اونٹ عطا کیجئے۔ ارشاد ہو اکہ میرے پاس نہیں ہے۔ تو فلاں شخص کے پاس چلاجا۔ وہ گیا تو اسے حضور اکرمﷺکے کہنے پر اونٹ مل گیا۔ اس شخص نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع دی تو حضور اکرمﷺنے ارشاد فرمایا کہ نیکی کا راستہ دکھانے والے کا ثواب بھی نیکی کرنے والے کے برابر ہے۔پیارے بچو! پیارے نبیﷺ کی اس پیاری بات سے ہمیں یہ سبق ملا کہ دنیا میں ہم جو بھی کام خدا کی خوشنودی اور ثواب کے لیے کریں گے تو انشاء اللہ ہم کو ضرور اس کا بدلہ ملے گا اور اگر کوئی ہمارے کہنے پر نیکی کرتا ہے تو ہمیں بھی نیکی کرنے والے کے برابر اجر ملتا ہے۔

ایک نظر ادھر بھی۔۔
پیارے بچو! یہ صفحہ آپ کو کیسا لگا؟ اس صفحہ پر آپ کیا پڑھنا چاہتے ہیں؟اس بارے میں ہمیں ضرور بتائیں۔نیز اس صفحہ کے لیے آپ بھی کچھ نہ کچھ لکھ سکتے ہیں مثلاً کوئی سبق آموز واقعہ، اہم معلومات، کام کی باتیں، حکمت کے موتی، لطیفے،پسندیدہ اشعار،تاریخی جھلکیاں ، اپنے دل کی بات وغیرہ۔آپ کی تحریر مختصر اور جامع ہونی چاہیے جو فوٹو کے ساتھ اس پتہ پر ارسال کریں نیز سبجیکٹ کے خانے میں’چلڈرن سرکل‘ لکھنا نہ بھولیں۔ہمارا ای میل:
[email protected]