بدایوں :دو معصوم  بھائیوں کے قاتل کا واقعہ کے دو گھنٹے بعد انکاؤنٹر،مجسٹریل انکوائری کا حکم

بدایوں،20مارچ:۔

اتر پردیش کے بدایوں ضلع میں دو کمسن بھائیوں کے قتل اور پھر  مبینہ پولیس انکاؤنٹر  کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ساجد (30 سال) نامی مقامی حجام نے دو کمسن بھائیوں آیوش (13) اور اہان (6) کا گلا کاٹ کر بڑی بے رحمی سے  قتل کر دیا تھا۔اس واقعے کے صرف دو گھنٹے بعد پولیس نے ساجد کو مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ منوج کمار نے بدھ کی شام  انکاؤنٹر میں ملزم ساجد کی موت کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے سٹی مجسٹریٹ کو تحقیقات کے لیے نامزد کرتے ہوئے 15 دن کے اندر مجسٹریٹ تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب پولیس دوسرے ملزم بھائی کی تلاش کر رہی ہے۔

اتر پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل پرشانت کمار کے مطابق  ساجد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے بعد انکاؤنٹر میں اس کی موت ہوگئی۔ بریلی رینج کے آئی جی پولیس راکیش سنگھ نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے مقصد ابھی تک واضح نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق ساجد کی بدایوں کے تھانہ سول لائن کی بابا کالونی میں نابالغ بھائیوں کے قریب دکان تھی۔ دونوں نابالغ بھائیوں کے والد ٹھیکیدار ہیں جبکہ ان کی ماں  بیوٹی پارلر چلاتی ہے۔

پولیس کے مطابق ساجد منگل کی شام 7 بج کر 45 منٹ پر نابالغ بچوں کے گھر گیا تھا، اس وقت اس کے والد بازار میں جبکہ والدہ بیوٹی پارلر میں تھیں، اس وقت اس کی دادی بھائیوں کے ساتھ تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جب لڑکوں کی دادی چائے بنانے گئی تو ساجد تیسری منزل پر گیا جہاں دونوں بھائی اپنے آٹھ سالہ تیسرے بھائی کے ساتھ کھیل رہے تھے۔

پولیس کے مطابق اس دوران ساجد نے تیز دھار استرے  سے دونوں بچوں کے گلے کاٹ دیے جب کہ تیسرے بھائی کو معمولی چوٹیں آئیں۔ تیسرا بھائی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور اپنے گھر والوں کو واقعے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد ساجد اس علاقے سے بھاگ گیا۔پھر اطلاع آئی کہ  رات 10 بجے کے قریب ساجد مقتولین کے گھر سے سات کلومیٹر دور شیخ پورہ علاقے میں ایک انکاؤنٹر میں مارا گیا۔دونوں بھائیوں کے قتل کے بعد مشتعل افراد نے ساجد کی دکان کو مسمار کر کے آگ لگا دی تھی۔ ملحقہ دو دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال فی الحال قابو میں ہے۔  ادھر ٹیم اس کے مفرور بھائی جاوید کی تلاش میں مصروف ہے۔ تاہم پولیس نے ساجد کے چچا اور والد کو حراست میں لے لیا ہے۔