باندرا میں تارکین وطن مزدوروں کا احتجاج: ارنب گوسوامی کے خلاف فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج

ممبئی، مئی 4: ہندوستان ٹائمز نے اتوار کے روز بتایا کہ ممبئی پولیس نے ریپبلک ٹی وی کے

ایڈیٹر اِن چیف ارنب گوسوامی کے خلاف فرقہ وارانہ منافرت پیدا کرنے کے الزام میں ایک نیا مقدمہ درج کیا ہے۔

شکایت کنندہ، جن کی شناخت عرفان ابوبکر شیخ کے نام سے ہوئی ہے، نے باندرا اسٹیشن کے باہر 14 اپریل کو مہاجر کارکنوں کے احتجاج کے سلسلے میں چینل اور گوسوامی دونوں پر مسلم برادری کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے دعوی کیا کہ گوسوامی نے باندرا میں ایک ایسی مسجد کو نشانہ بنایا جس کا اجتماع سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں مزدور 14 اپریل کو اپنے گھر جانے کے لیے ٹرانسپوٹ کے انتظام کا مطالبہ کرتے ہوئے باندرا اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے تھے۔ یہ واقعہ تب سامنے آیا تھا جب ایک صحافی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ تارکین وطن کارکنوں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گوسوامی کے خلاف یہ مقدمہ ہفتے کے روز پائدھونی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق شیخ نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا ’’باندرا اسٹیشن کے قریب مسجد سے متعلق کوئی رابطہ یا مسئلہ نہیں تھا۔ صرف ایک مسئلہ یہ تھا کہ تارکین وطن مزدور مسجد کے قریب کھلی جگہ پر جمع ہوئے تھے۔ لیکن ارنب نے شہر میں فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کے لیے جان بوجھ کر مسجد کو اجاگر کیا۔‘‘

شیخ، جو رضا ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری ہیں، نے کہا کہ 29 اپریل کو ریپبلک ٹی وی نے تارکین وطن مزدوروں کے احتجاج کو ٹیلی کاسٹ کیا تھا اور گوسوامی اس پروگرام کی نظامت کررہے تھے۔ پائدھونی پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس افسر نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا ’’ہم نے ارنب گوسوامی اور ریپبلک ٹی وی کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ بیان لینے کے بعد ثبوت کے حصے کے طور پر ہم نے ایک پین ڈرائیو میں موجود کلپس کے ساتھ شوز کی فوٹیج اکٹھی کرلی ہیں۔‘‘

شکایت کنندہ نے یہ بھی کہا کہ چینل پر ہونے والی مباحثے کا مقصد ناول کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لیے مسلم کمیونٹی کو مورد الزام ٹھہرانا ہے۔ شیخ نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا ’’گوسوامی نے کمیونٹی کے خلاف اس طرح کے بہت سے نفرت انگیز تبصرے کیے تھے اور اسے نشانہ بنایا تھا۔‘‘

یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو بدنام کرنے کے الزام میں گوسوامی کے خلاف پہلے ہی مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میں کم سے کم 16 شکایات درج کی گئی ہیں۔ تاہم سپریم کورٹ نے پولیس کو درج کی گئی ایف آئی آر میں سے کسی ایک کی تحقیقات کے ساتھ کارروائی کرنے کی اجازت دی، لیکن باقیوں پر روک لگا دی۔

27 اپریل کو سونیا گاندھی سے منسلک معاملے میں گوسوامی سے 12 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ کانگریس کے وزیر نتن راوت کے ذریعے ایف آئی آر ابتدائی طور پر ناگپور میں دائر کی گئی تھی، لیکن اعلی عدالت نے معاملہ ممبئی منتقل کردیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگلے تین ہفتوں تک گوسوامی کے خلاف کوئی زبردستی کارروائی نہیں کی جانی چاہیے، لہذا ان کے پاس قبل از وقت ضمانت کے لیے درخواست دینے کا وقت ہے۔