ایک محبِ وطن کی مسیحائی
آسان، سستی اور جلد نتیجہ دینے والی کورونا ٹسٹ کٹ کی تیاری ندیم رحمن کی اس مساعی سے کووڈ19 کے مریضوں کی شناخت میں انقلابی پیش رفت
(دعوت نیوز نٹ ورک)
(دعوت نیوز نٹ ورک)
بھارت کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ سے مسلمانوں کاتعاون رہا ہے۔پھر چاہے وہ میزائیل مین اے پی جے عبدالکلام ہوں یا پھر حوالدار عبدالحمید ہوانھوں نے اپنے ملک کے لیے عظیم کارنامے انجام دیئے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مسلمانوں کا قابل لحاظ حصہ رہا ہے۔ ان کے کارناموں کی بھی طویل فہرست ہے۔ آج ہم دعوت کے قارئین کے لیے ایک ایسے ڈاکٹر کی مساعی کو پیش کررہے ہیں جنھوں نے کووڈ 19 کے خلاف ایک عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔
بھارت اس وقت کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہا ہے۔ متاثرہ افراد کو عوام سے الگ کورنٹائن کرنے کے لیے ایک واحد طریقہ کووڈ19 ٹسٹ ہی ہے جس کے ذریعے پتہ چلتا ہے کہ کون کورونا وائرس سے متاثر ہے۔ اس ٹسٹ کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ ایسے ماحول میں خوشی کی بات ہے کہ نویڈا یو پی میں واقع ایک کمپنی نے سستی ٹسٹ کٹ تیار کرلی ہے۔ ڈاکٹر ندیم رحمن بائیو کیمسٹ ہیں اور نیو لائف کمپنی کے ڈائرکٹر ہیں۔ آئی سی ایم آر The Indian Council of Medical Research کے ذریعے سرکار ان سے کٹس خرید رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس بات کو مد نظر رکھا ہے کہ ٹسٹ کی رپورٹ جلدی آئے ٹسٹ آسان اور سستا ہو۔ نیولائف کمپنی کے ڈائرکٹر نے کہا کہ ان کی کمپنی میڈیکل فیلڈ میں مختلف سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔ جب کوویڈ19 کے مریضوں کا ساری دنیا میں اضافہ ہونے لگا تو ان کی کمپنی نے اس جانب توجہ دی۔ ہر کوئی یہ چاہتا تھا کہ ایسی ٹسٹ کٹ تیار کی جائے جو آسان، سستی اور جلد نتیجہ دینے والی ہو چنانچہ یہ ٹسٹ کٹ صرف 15 منٹ میں نتیجہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی اچھا پروڈکٹ آپ مارکٹ میں لانا چاہتے ہیں تو اس کا استقبال کیا جاتا ہے۔ ان کی اس کوشش کی مختلف گوشوں سے ستائش کی گئی اور آئی سی ایم آر وغیرہ نے بھی اپنا تعاون دیا۔ یہ ہماری پوری ٹیم مینو فیکچرینگ اور دیگر عملہ کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ ہم اس کٹ کو اتنے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں مارکیٹ میں لا پائے ہیں۔ یو پی حکومت کی جانب سے بھی کافی تعاون حاصل رہا۔ لاک ڈاون کے دوران کسی لیاب کو چلانا اور کام کرنا کافی مشکل کام تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چوں کہ یہ ابتدائی مرحلہ ہے اور اس کی تیاری میں بعض خام مال کو ایمپورٹ کرنا پڑتا ہے اس لیے اس کی قیمت فی الحال 500 تا 600 روپے رکھی گئی ہے لیکن اس میں آنے والے وقت میں کمی ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح کی ٹسٹنگ کٹ بھارت میں نہیں بن رہی ہے اور باہر سے آرہی ہے۔ جو بھارت میں بن رہی ہے وہ کافی مشکل ہے۔ ملک میں جاری اس پریشانی اور مصیبت کے وقت وہ اس کٹ کے ذریعے ملک کی خدمت کے موقع کو وہ غنیمت جانتے ہیں۔ وہ خوش ہیں کہ انہوں نے بھارت کے مریضوں کے لیے اپنے تئیں کچھ سعی کی ہے اور اس سے یقیناً انہیں فائدہ پہنچے گا۔ سو دو سو کٹس مفت بھی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آئندہ ایک لاکھ کٹس ایک دن میں تیار ہونے کا امکان ہے۔ پوری کوشش ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ تیار ہوسکیں۔
***
ہر کوئی یہ چاہتا تھا کہ ایسی ٹسٹ کٹ تیار کی جائے جو آسان، سستی اور جلد نتیجہ دینے والی ہو چنانچہ یہ ٹسٹ کٹ صرف 15 منٹ میں نتیجہ دیتی ہے۔