امریکی کانگریس کی خاتون رکن نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ’’بڑھتی ہوئی بدسلوکی‘‘ کے بارے میں قرارداد پیش کی

نئی دہلی، جون 23: امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان ​​عمر نے منگل کو ایوان نمائندگان میں ایک قرارداد پیش کی جس میں بھارت میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں، دلتوں، آدیواسیوں سمیت دیگر مذہبی اور ثقافتی اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر تنقید کی گئی ہے۔

کانگریس کی خاتون رکن راشدہ طالب، رکن کانگریس جون ورگس اور رکن کانگریس جم میک گوورن کے تعاون سے پیش کی گئی قرارداد میں، امریکی وزیر خارجہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے ریکارڈ کی وجہ سے ہندوستان کو ’’خاص تشویش کا حامل ملک‘‘ قرار دیں۔

الہان عمر نے، جو کانگریس کے لیے منتخب ہونے والی پہلی مسلم خواتین میں سے ایک ہیں، ’’ہندوستان میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بگڑتے سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔‘‘

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مذہبی آزادی پر امریکی کمیشن نے بھی جو بائیڈن حکومت سے سفارش کی ہے کہ وہ ہندوستان کو مسلسل تین سال تک کے لیے ’’خاص تشویش کے حامل ملک‘‘ کے طور پر نامزد کرے۔

امریکی پینل کی 2022 کی سالانہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے ’’[بھارتی] حکومت نے موجودہ اور نئے قوانین اور ساختی تبدیلیوں کے استعمال کے ذریعے قومی اور ریاستی دونوں سطحوں پر ہندو ریاست کے اپنے نظریاتی وژن کو منظم کرنا جاری رکھا ہے۔‘‘

قرارداد میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ اور ہندوستان میں بغاوت کے قانون جیسے قوانین کے تحت ہراساں کرنے، تفتیش، حراست اور قانونی کارروائی کے ذریعے حکومت مخالف آوازوں کو دبایا جاتا ہے۔

رپورٹ میں خاص طور پر 84 سالہ اسٹین سوامی کے ساتھ کیے گئے سلوک کا ذکر کیا گیا ہے، جو ایک پادری تھے، جنھین بھیما کوریگاؤں کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار کیے جانے کے تقریباً نو ماہ بعد، 5 جولائی کو ان کی موت ہو گئی۔

قرارداد میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جو 2 جون کو شائع ہوئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں پر حملے، جن میں قتل، حملے اور دھمکیاں شامل ہیں، گزشتہ سال بھر میں لگاتار ہوئے ہیں۔

اس میں گائے کی حفاظت، مسلمانوں کی ملکیت والے مذہبی مقامات اور املاک پر حملوں اور ہندوستان کی کئی ریاستوں میں تبدیلی مذہب مخالف قوانین کا حوالہ دیا گیا تھا۔

رپورٹ جاری کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ہندوستان میں ’’لوگوں اور عبادت گاہوں پر بڑھتے ہوئے حملوں‘‘ کے بارے میں بات کی تھی۔

دنیا بھر میں مذہبی آزادی کی نگرانی کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی کوششوں کی قیادت کرنے والے رشاد حسین نے مزید کہا کہ ہندوستان میں کچھ اہلکار ملک میں لوگوں اور عبادت گاہوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کو نظر انداز کر رہے ہیں یا ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

قرارداد میں بلنکن اور حسین کے ریمارکس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ اسے ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔