کرناٹک کے پیڈنہلّی گاؤں میں دو دلت مردوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا

نئی دہلی، اپریل 24: انڈین ایکسپریس نے ہفتہ کو رپورٹ کیا کہ کرناٹک کے تماکورو ضلع کے پیڈنہلّی گاؤں میں دو دلت مردوں کو مبینہ طور پر تشدد کرکے ہلاک کر دیا گیا۔

مرنے والوں کی شناخت گریش مدلاگری اپّا (30) اور گریش (32) کے طور پر کی گئی ہے۔ مبینہ ہلاکتیں جمعرات کی رات ہوئی تھیں اور اگلے دن ان کی لاشیں ایک تالاب سے ملی تھیں۔

دی نیو انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ اس کیس میں چھ سے زیادہ افراد ملوث ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھوں نے کلیدی مجرموں میں سے ایک کی شناخت نندیش کے طور پر کی ہے۔

پولیس کے مطابق نندیش جمعرات کی رات متاثرین کے گھر گیا تھا اور مردوں کو ایک ویران جگہ پر لے گیا جہاں اس کے دوست ان کا انتظار کر رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد کو مارا پیٹا گیا اور سوکھے پتوں کا استعمال کرتے ہوئے ان کے پاؤں میں آگ لگا دی گئی۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق مدلاگری اپّا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس دوران گریش، جس نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی، کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک نامعلوم پولیس اہلکار نے کہا ’’ہم ابھی تک حملے کے پیچھے کی وجہ معلوم نہیں کر سکے ہیں کیوں کہ دونوں متاثرین کے خلاف چوری کے مقدمات درج تھے۔ ہم اس بات کا پتہ لگا رہے ہیں کہ آیا ان کی موت کی وجہ یہی [چوری] تھی یا کچھ اور۔‘‘

پولیس سپرنٹنڈنٹ راہل کمار نے دی نیو انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ تمام ملزمین کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

دریں اثنا تماکورو ضلع کی کئی دلت تنظیموں نے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔