عمران خان کی قیادت میں 26 نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج

نئی دہلی، نومبر 24: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا کہ پارٹی کےصدراور سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں 26 نومبر کو راؤلپنڈی میں ملک کی تاریخ کا ’سب سے بڑا پرامن احتجاج‘ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم3 نومبر 2022 کو وزیر آباد میں ریلی کے دوران پیر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد یہ طویل ریلی (لانگ مارچ) عارضی طور پر ملتوی کر دی گئی تھی۔

مسٹر فیصل خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان کے عوام معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اس کی خراب معیشت ہے اور معاشی عدم استحکام کا ذمہ دار سیاسی عدم استحکام کو ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ خراب معیشت ہے، سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کی وجہ ہے، غریب اور متوسط طبقہ سنگین مسائل سے دوچار ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، ایسی صورتحال میں سمجھداری سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے اور ملک میں انتخابات ہی واحد حل ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے راؤلپنڈی کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ 26 نومبر کو عمران خان کی آمد پر استقبال کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’پنڈی تیار ہو جاؤ، کپتان 26 نومبر کو باقی ملک کے ساتھ راؤلپنڈی آرہے ہیں‘‘۔

اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا تھا کہ اگر نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعد انتخابات نہ ہوئے تو پارٹی اپنی حکمت عملی ظاہر کرے گی۔ مسٹر چودھری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے حکومت سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن موجودہ حکومت انتخابات میں اپنی شکست سے خوفزدہ ہے۔