تلنگانہ بی جے پی کے صدربنڈی سنجے  سمیت 29کارکن گرفتار،حیدرآباد میں حالات کشیدہ

نئی دہلی، اگست 23: دہلی میں شراب گھوٹالہ میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی کے کارکنوں کی جانب سے ٹی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے مکان کے باہر کئے گئے مظاہرہ کے دوران بی جے پی کے29 کارکنوں کے خلاف معاملہ درج کرلیاگیا ہے۔  کارکنوں کو گرفتارکرنے کی مذمت کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کے احتجاج کرنے پر پولیس نے ان کو  بھی گرفتارکرلیا۔

بنڈی سنجے جنگاؤں میں یاترا کررہے تھے۔ان کی گرفتاری کے موقع پر پولیس کو مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑاکیونکہ پولیس اور بی جے پی کے کارکنوں میں بحث وتکرارہوگئی۔بی جے پی کارکنوں نے پولیس کو بنڈی سنجے کو گرفتار کرنے سے روکنے کی کوشش کی جس سے کچھ دیر کے لئے کشیدگی پیدا ہو گئی۔اس گرفتاری کے بعد پارٹی نے منگل کو ریاست بھر میں بند کی اپیل کی ہے۔

گرفتار شدہ کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی کے دیگر کارکن بڑی تعداد میں شہرحیدرآباد کے بنجاراہلز پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بی جے پی، بی جے وائی ایم اور بی جے پی خواتین سیل  کے کارکنوں کے احتجاج پر حکمراں جماعت کے کارکنوں نے ان کا تعاقب کیاتھا۔اس واقعہ میں بعض افراد زخمی بھی  ہوئے تھے۔پولیس نے بی جے پی کے کارکنوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کو پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا تھا۔ان متواتر واقعات کے بعد بی جے پی اور حکمراں جماعت کےکارکنوں کے  درمیان رسہ کشی کی صورتحال بنی ہوئی ہے اور پولیس شہر میں نظم و نسق برقرار رکھنے کی بھرپور کوششوں میں سرگرداں ہے۔