انکم ٹیکس افسران نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے قریبی راجیو رائے کے گھر چھاپہ مارا

نئی دہلی، دسمبر 19: اے این آئی کی خبر کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کے افسران نے ہفتہ کو اتر پردیش کے مئو ضلع میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر راجیو رائے کے گھر کی تلاشی لی۔ رائے پارٹی کے قومی سکریٹری اور ترجمان ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے دو دیگر معاونین منوج یادو اور جینندر یادو کی جائیدادوں پر بھی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے مین پوری اور لکھنؤ میں چھاپے مارے ہیں۔

یہ چھاپے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے مارے گئے ہیں، جو اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعتیں اکثر بھارتیہ جنتا پارٹی پر اپنے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرنے کا الزام لگاتی رہی ہیں۔

یادو نے پیشین گوئی کی کہ محکمہ انکم ٹیکس کے بعد ان کی پارٹی کے پیچھے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آئے گا، لیکن ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔

یادو نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’سائیکل [سماج وادی پارٹی کی علامت] سست نہیں ہوگی، یقینی طور پر اتر پردیش سے بھارتیہ جنتا پارٹی کا صفایا ہوگا۔ وہ یہ جانتے ہیں، اسی لیے انھوں نے محکمہ انکم ٹیکس کو بھیجا ہے۔‘‘

یادو نے پوچھا کہ ان کی پارٹی کے ترجمان رائے پر ابھی چھاپہ کیوں مارا گیا اور ایک مہینہ پہلے کیوں نہیں؟

انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو شبہ ہے کہ رائے نے ٹیکس چوری کیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق وہ ایک گروپ کا مالک ہے جو کرناٹک میں تعلیمی ادارے چلاتا ہے۔

ANI کی خبر کے مطابق سماج وادی پارٹی کے لیڈر نے دعوی کیا کہ ان کے پاس کوئی کالا دھن یا ان کی کوئی مجرمانہ تاریخ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ’’میں لوگوں کی مدد کرتا ہوں اور حکومت کو یہ پسند نہیں آیا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ اگر آپ کچھ کریں گے تو وہ ویڈیو بنائیں گے، ایف آئی آر درج کریں گے، اور آپ غیر ضروری طور پر مقدمہ لڑتے رہ جائیں گے۔‘‘