سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو شیوسینا کے بارے میں فیصلہ کرنے سے روکنے سے انکار کیا

نئی دہلی، ستمبر 27: ادھو ٹھاکرے کے دھڑے کو ایک جھٹکا دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے منگل کو الیکشن کمیشن کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی اس درخواست پر فیصلہ کرنے سے روکنے سے انکار کر دیا کہ ان کے دھڑے کو حقیقی شیو سینا کے طور پر تسلیم کیا جائے۔

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی پانچ ججوں کی بنچ نے کہا کہ وہ انتخابی ادارے کی کارروائی پر حکم امتناع جاری نہیں کرے گی۔

الیکشن کمیشن نے 22 جولائی کو ٹھاکرے اور شندے کو یہ ثابت کرنے کے لیے دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی کہ ان کے دھڑے کو پارٹی کے اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

ٹھاکرے کے زیرقیادت دھڑے نے 26 جولائی کو الیکشن کمیشن کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اس نے دلیل دی تھی کہ الیکشن کمیشن اس وقت تک پارٹی کے جائز لیڈر کے بارے میں فیصلہ نہیں کر سکتا جب تک کہ مہاراشٹر کے 16 ایم ایل ایز کی نااہلی سے متعلق زیر التوا درخواست پر فیصلہ نہ ہو۔

دوسری طرف شندے نے 25 جون کو ڈپٹی اسپیکر نارہاری زروال کے ذریعہ ان کے اور ان کے گروپ کے 15 دیگر ایم ایل ایز کے خلاف جاری کردہ نااہلی نوٹس کو چیلنج کیا۔

3 اگست کو سپریم کورٹ نے پول پینل کو شندے کے دعوے پر کوئی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ٹھاکرے گروپ کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے معقول وقت دے، یہ دیکھتے ہوئے کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

معلوم ہو کہ شیو سینا میں جون میں اس وقت افراتفری پھیل گئی تھی جب شندے اور پارٹی ایم ایل اے کے ایک گروپ نے سابق مہاراشٹر حکومت کے خلاف بغاوت کی۔

ایک ہفتہ سے زیادہ کے سیاسی ڈرامے کے بعد حکومت سے شیو سینا، این سی پی اورکانگریس کے اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا۔ شندے نے 30 جون کو مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا، جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیویندر فڈنویس نے ان کے نائب کے طور پر حلف لیا تھا۔