سکھوندر سنگھ سکھو نے ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی، دسمبر 11: کانگریس ایم ایل اے سکھوندر سنگھ سکھو نے اتوار کو ہماچل پردیش کے 15ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ پارٹی لیڈر مکیش اگنی ہوتری کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔

سکھو کو شملہ میں گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر نے حلف دلایا۔ کانگریس سربراہ ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی تقریب میں موجود تھے۔

کانگریس نے جمعرات کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 68 میں سے 40 سیٹیں حاصل کرکے جیت حاصل کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جب کہ باقی تین حلقوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

سکھو، چار بار کے ایم ایل اے، ہماچل پردیش میں پارٹی کی انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ تھے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق ان کے والد رسل سنگھ، ریاستی روڈ ویز میں ڈرائیور تھے۔

سکھو کانگریس کی ریاستی اکائی کے سابق سربراہ بھی ہیں اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے قریبی مانے جاتے ہیں۔

ہفتہ کو سکھو نے کہا تھا کہ ان کی حکومت ریاست کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔

سکھو نے کہا تھا ’’ہماری حکومت تبدیلی لائے گی۔ یہ میری ذمہ داری ہے کہ ہم نے ہماچل پردیش کے لوگوں سے جو وعدے کیے ہیں، انھیں پورا کروں۔‘‘

سکھو کی تقرری اس کے ایک دن بعد ہوئی جب ریاستی کانگریس صدر پرتبھا سنگھ کے حامیوں نے شملہ میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر ان کے اگلے وزیر اعلی کے طور پر انتخاب کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ منڈی سے لوک سبھا کی رکن پرتبھا سنگھ سابق وزیر اعلی ویربھدر سنگھ کی بیوی ہیں۔

انھوں نے الیکشن نہیں لڑا لیکن پارٹی کی ریاستی یونٹ کی سربراہ کے طور پر پارٹی کی قیادت کی۔