راجستھان میں طلبا کے ذریعے بی جے پی کو ووٹ دینے کا حلف لینے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پرنسپل کو معطل کیا گیا

نئی دہلی، دسمبر 11: راجستھان کے جھالاواڑ میں ایک سرکاری اسکول کے پرنسپل کو اس وقت معطل کردیا گیا جب طلبا کی جانب سے اگلے 25 سال تک بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ دینے کا حلف لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق یہ واقعہ 9 دسمبر کو ضلع کے مہاراج پورہ گاؤں کے گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول میں پیش آیا۔

مبینہ طور پر پہلی سے پانچویں جماعت کے طلبا کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ’’ہم اس حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عہد کرتے ہیں جو 25 سال سے راشن نہیں دیتی ہے، اور 25 سال تک بی جے پی کو ووٹ دیتے رہیں گے۔‘‘

روزنامہ بھاسکر کے مطابق یہ عہد بی جے پی کے ضلعی سربراہ دنیش منگل نے دلوایا تھا۔

اب معطل پرنسپل سیتارام مینا نے دعویٰ کیا کہ یہ تقریب اسکول کے اوقات کے بعد منعقد کی گئی تھی۔

اخبار کے مطابق مینا نے کہا ’’میں نے اسکول چھوڑ دیا تھا۔ مجھے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ طالب علموں کو کس نے بلایا۔‘‘

بلاک ایجوکیشن آفیسر وریندر سنگھ نے کہا کہ واقعے کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سنگھ نے کہا ’’ایک ٹیم گاؤں بھیجی گئی ہے۔ وہ بچوں اور گاؤں والوں سے بات کرنے کے بعد ایک رپورٹ تیار کرے گی۔‘‘