پونے پولیس نے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں سادھو کالی چرن اور پانچ دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا

نئی دہلی، دسمبر 30: پی ٹی آئی کے مطابق حکام نے بدھ کو بتایا کہ پونے پولیس نے شہر میں ایک تقریب میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں سادھو کالی چرن مہاراج، ہندوتوا لیڈر ملند ایکبوٹے اور چار دیگر افراد کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی ہے۔

اس ہفتے کے شروع میں چھتیس گڑھ پولیس نے ریاست کے دارالحکومت رائے پور میں منعقدہ ہندوتوا پروگرام میں مہاتما گاندھی کی توہین کرنے کے بعد کالی چرن کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

پونے میں 19 دسمبر کو شیو پرتاپ دن کے موقع پر مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کی گئی تھیں۔ یہ تقریب 17 ویں صدی کے مراٹھا حکمران شیواجی کی طرف سے بیجاپور سلطنت کے ایک جنرل افضل خان کے قتل کی یاد میں منائی گئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی جانب سے کی گئی تقاریر کا مقصد مسلمانوں اور عیسائیوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اور لوگوں کے درمیان فرقہ وارانہ فساد پیدا کرنا تھا۔

پولیس نے چھ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 295 (A) (کسی بھی طبقے کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے)، 298 (کسی بھی شخص کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا ارادہ) اور 505 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

ملزمین میں سے ایک ہندوتوا لیڈر ایکبوٹے نے 2018 میں بھیما کوریگاؤں گاؤں میں ذات پات پر مبنی تشدد سے پہلے مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں۔ اس معاملے میں اب تک اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

پولیس نے کیپٹن (ریٹائرڈ) دیگیندر کمار کے خلاف بھی پونے کے پروگرام میں اشتعال انگیز تقریریں کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس انسپکٹر (کرائم) ہرش وردھن گاڈے نے کہا ’’کمار کو کارگل جنگ میں ان کے تعاون کے لیے مہاویر چکر سے نوازا گیا تھا۔‘‘

معلوم ہو کہ پچھلے ہفتے چھتیس گڑھ کے رائے پور شہر میں دو روزہ دھرم سنسد بہت سے مذہبی لیڈروں نے مبینہ طور پر ہندوؤں سے ہتھیار اٹھانے اور ہندو راشٹر کے قیام کے لیے خود کو تیار کرنے کی اپیل کی تھی۔ واقعہ کے بعد کالی چرن پر برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ہریدوار اور دہلی میں دو تقاریب میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیے جانے کے چند دن بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ہریدوار کی تقریب میں مقررین نے ہندوؤں سے مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے ہتھیار خریدنے کو کہا تھا۔ دہلی میں لوگوں نے ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کے لیے ’’مرنے اور مارنے‘‘ کا حلف اٹھایا۔

ہریدوار تقریب کے بعد تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، لیکن دہلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔