وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن کو آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے

نئی دہلی، ستمبر 21: ہندوستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعلقات کی نشان دہی کرتے ہوئے ایک اہم پیش رفت میں ہندوستان میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن کو اگلے سال 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔

یہ دعوت اس دو طرفہ میٹنگ کے دوران دی گئی جو کہ نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس سے ایک روز قبل ہوئی تھی۔

اننتا سینٹر کے زیر اہتمام ایک سیشن کے دوران گارسیٹی نے انڈیا ٹوڈے کو اس بات کی تصدیق کی کہ وزیر اعظم مودی کی یہ دعوت دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے، کیوں کہ وہ آنے والے سالوں میں مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔

یہ تفصیلات اس وقت منظر عام پر آئیں جب گارسیٹی نے آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کواڈ لیڈروں کی ممکنہ موجودگی سے متعلق انڈیا ٹوڈے کے ایک سوال کا جواب دیا۔

امریکی سفیر نے کہا ’’امریکی صدر بائیڈن کو یوم جمہوریہ کے لیے وزیر اعظم مودی نے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر دو طرفہ میٹنگ کے دوران مدعو کیا۔ اگرچہ وزیر اعظم نے کواڈ کا ذکر نہیں کیا۔‘‘

قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ہندوستان یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے تمام کواڈ لیڈروں کو مدعو کرنے کی تجویز پر غور کر رہا ہے۔ ان رہنماؤں میں آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا شامل ہیں۔ حتمی فیصلہ مبینہ طور پر ان عالمی رہنماؤں کی دستیابی پر منحصر ہے۔

مہمان خصوصی کے طور پر یوم جمہوریہ کی تقریبات کا حصہ بننے کی دعوت کافی علامتی اہمیت رکھتی ہے، جو ہندوستان کے اسٹریٹجک سفارتی تعلقات اور شراکت داری کی نمائندگی کرتی ہے۔

مزید برآں ہندوستان 2024 میں آئندہ کواڈ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے۔

قیاس آرائیاں یہ ہیں کہ اگر بائیڈن مہمان خصوصی بننے پر راضی ہو جائیں تو کواڈ سمٹ ایک دن پہلے یعنی 25 جنوری کو منعقد ہو سکتی ہے کیوں کہ آسٹریلیا 26 جنوری کو اپنا قومی دن منا رہا ہے اور وزیر اعظم البانی اس دن کواڈ لیڈرز کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔