یوم جمہوریہ: راج ناتھ سنگھ نے ریاست کی جھانکیوں کو مسترد کیے جانے سے متعلق تمل ناڈو اور بنگال کے وزرائے اعلیٰ کے خطوط کا جواب دیا

نئی دہلی، جنوری 19: انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کو مغربی بنگال اور تمل ناڈو کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا جس میں بتایا گیا کہ یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے ریاستوں کی تجویز کردہ جھانکیوں کو کیوں مسترد کر دیا گیا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کے تمل ناڈو کے ہم منصب ایم کے اسٹالن دونوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا تھا، جس میں اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا کہ نئی دہلی میں ہونے والی پریڈ کے لیے ان کی ریاستوں کی جھانکیاں شامل نہیں کی گئیں۔

وزیر دفاع نے مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کو لکھے خط میں کہا ہے کہ ریاست کی جھانکیوں کو 2016، 2017، 2019 اور 2021 میں پریڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ اسی طرح انھوں نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ ریاست کی جھانکیوں کو 2017، 2019، 2020 اور 2021 میں پریڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

سنگھ نے نوٹ کیا کہ اس سال کی تقریبات کے لیے 29 میں سے صرف 12 جھانکیوں کو منظوری دی گئی ہے۔

بنرجی نے کہا تھا کہ مغربی بنگال کی جھانکی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش کی یاد منانے کے لیے تھی۔ اس کے جواب میں سنگھ نے کہا کہ حکومت نے اس سال 23 جنوری سے یوم جمہوریہ کی تقریبات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بوس کی شراکت کو یاد کیا جا سکے۔

سبھاش چندر بوس کا یوم پیدائش 23 جنوری کو ہے۔

اے این آئی کے مطابق سنگھ نے بنرجی کو اپنے خط میں کہا ’’میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یوم جمہوریہ کی جھانکیوں کے انتخاب کا طریقہ کار انتہائی شفاف ہے۔‘‘

وزیر دفاع نے نوٹ کیا کہ حکومت نے 1943 میں آزاد ہندوستان کی عارضی حکومت کے قیام کے 75 سال کی یاد میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا تھا۔