ڈی ایم کے کی میزبانی میں ہونے والی اپوزیشن کی میٹنگ میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری اور بی جے پی کے خلاف اتحاد پر زور دیا گیا

نئی دہلی، اپریل 4: پیر کو 20 سے زیادہ جماعتوں کے اپوزیشن لیڈروں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بھر میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرائے۔ ایم کے اسٹالن کی زیرقیادت دراوڑ منیترا کزگم کے زیر اہتمام سماجی انصاف پر ایک ورچوئل کانفرنس میں اپوزیشن لیڈروں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد قائم کرنے پر بھی زور دیا۔

اپوزیشن جماعتیں آل انڈیا فیڈریشن فار سوشل جسٹس کی پہلی کانفرنس کے لیے اکٹھی ہوئیں، جو پلیٹ فارم اسٹالن نے بنایا ہے۔ آن لائن میٹنگ میں تقریباً تمام غیر بی جے پی پارٹیوں کے رہنما موجود تھے۔ بس شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے)، وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بیجو جنتا دل نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔

یہ پیش رفت اپوزیشن کے بڑے اتحاد کے امکانات کے درمیان اہمیت رکھتی ہے جو کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو گزشتہ ماہ لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیئے جانے کے بعد سے مزید ابھرا ہے۔

پیر کی میٹنگ میں ترنمول کانگریس کے ایم پی ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں یا تو سفید ہوں یا کالی اور بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی میں سرمئی نہ رہیں۔ انھوں نے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کے اڈیشہ کے ہم منصب نوین پٹنائک سے موجودہ حکومت سے مقابلہ کرنے کی کوششوں میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا۔

راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی یادو نے بھی اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی انا کو ایک طرف رکھتے ہوئے اکٹھے ہوجائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کا بہترین طریقہ سماجی انصاف پر مبنی سیاست کے ساتھ اس کی ’’پولرائزیشن کی سیاست‘‘ کا مقابلہ کرنا ہے۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے کہنے پر جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ کے گورنروں نے ریاستی حکومتوں کی طرف سے ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کی کوششوں کو روک دیا ہے۔

ذات پات پر مبنی مردم شماری کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ مشق فلاحی پالیسیوں اور اسکیموں کو لاگو کرنے کے لیے ضروری ہے۔

2011 میں مرکز میں کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت نے سماجی، اقتصادی اور ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرائی تھی۔ تاہم اس مشق کے اعداد و شمار کو شمار میں غلطیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کبھی بھی جاری نہیں کیا گیا۔ آخری مردم شماری جس نے سرکاری طور پر مکمل ذات کا ڈیٹا اکٹھا کیا تھا، وہ 1931 میں ہوئی تھی۔

پیر کے روز کانگریس کے رہنما اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ ہم خیال جماعتوں کو ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے لیے زور دینا چاہیے اور انھوں نے اپوزیشن کے زیر اقتدار ریاستوں پر زور دیا کہ وہ مرکز پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اسے پورے ہندوستان کی بنیاد پر کرائے۔

عام آدمی پارٹی کے ایم پی سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے نظریاتی سرپرست آر ایس ایس کی وجہ سے ذات پات کی مردم شماری کے خیال سے مخالف ہے کیوں کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ہندو مذہب کے ’’ورن نظام‘‘ کو جاری رکھنا چاہتی ہے، جو پیدائشی طور پر ذات کا تعین کرتا ہے۔