اپوزیشن کے اتحاد کا 21 رکنی وفد منی پور پہنچا

نئی دہلی، جولائی 29: حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس کے 21 ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد ہفتہ کی سہ پہر تشدد سے متاثرہ منی پور کے دو روزہ دورے کے لیے امپھال پہنچا۔

یہ وفد منی پور میں مسائل کو حل کرنے کے لیے مرکزی حکومت اور پارلیمنٹ کو سفارشات پیش کرے گا۔

جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے ایم پی اور راجیہ سبھا میں وہپ نصیر حسین نے کہا کہ 16 پارٹیوں کے ایم پی وادی اور منی پور کی پہاڑیوں دونوں میں تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ وہ اتوار کی صبح دو ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کریں گے اور منی پور کی گورنر انوسویا یوکی سے ملاقات کریں گے۔

منی پور میں 3 مئی سے کوکی اور اکثریتی میتی برادریوں کے درمیان نسلی جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ تشدد اور آتش زنی کے وسیع واقعات ریاست میں بحران کو مزید گہرا کرتے چلے جا رہے ہیں۔ اب تک 180 سے زائد افراد ہلاک اور 60 ہزار کے قریب اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے منی پور اور مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتوں کو تشدد پر قابو پانے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔