او آئی سی اسلام آباد کا ترجمان بن گیا ہے، تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے پی او کے کے دورے کے بعد ہندوستان نے کہا

نئی دہلی، دسمبر 13: آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین برہِم طحہ اسلام آباد کے ترجمان بن گئے ہیں۔ ہندوستان نے منگل کو ان کے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے دورے پر تنقید کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

دی ہندو کے مطابق طحہ نے 10 دسمبر سے 12 دسمبر تک پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کا دورہ کیا تھا اور انھیں ملک کی فوج نے بریفنگ دی تھی۔ انھوں نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اپنے بیان میں ارندم بغچی نے کہا کہ 57 ممالک کے بین الحکومتی ادارے نے مختلف مسائل پر ’’سخت فرقہ وارانہ، متعصبانہ اور حقیقت میں غلط رویہ اپنا کر‘‘ اپنی ساکھ کھو دی ہے۔

بغچی نے کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ وہ [طحہ] ہندوستان میں سرحد پار دہشت گردی کو فروغ دینے کے پاکستان کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں شراکت دار بننے سے گریز کریں گے، خاص طور پر جموں و کشمیر میں۔‘‘

بغچی نے ہندوستان کے اس موقف کو بھی دہرایا کہ کشمیر سے متعلق معاملات پر کسی اور ملک کو کچھ کہنے کا حق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’او آئی سی کا جموں و کشمیر سے متعلق معاملات میں کوئی ٹھوس موقف نہیں ہے، جو ہندوستان کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ او آئی سی اور اس کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوئی بھی کوشش مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘‘